21 اپریل ، 2024
کراچی کے علاقے بغدادی سے گرفتار منشیات ڈیلر ریاست عرف جدگان نے انکشاف کیا ہے کہ اس کے اڈے سے روزانہ 50 سے 60 لاکھ روپے کی منشیات فروخت ہوتی ہے۔
پولیس نے بغدادی سے چند روز قبل گرفتار منشیات ڈیلر ریاست عرف جدگال کی تفتیشی رپورٹ جاری کردی ہے۔
منشیات فروش نے بیان میں انکشاف کیا کہ اس کے اڈے پر روزانہ کی بنیاد پر 50 سے 60 لاکھ روپے کی منشیات فروخت ہوتی ہے، اس کا بھائی عابد بڑے پیمانے پر منشیات کا کاروبار کرتا ہے، عابدپاک کالونی کے مختلف اڈوں پر چرس اور آئس فروخت کرتا ہے، وہ منشیات ایران اور دیگر ممالک سے اسمگل کرکے لاتا ہے۔
ملزم نے بتایا کہ وہ پرانا گولیمار کے اڈے کو بڑھانے اور تحفظ کے لیے اسلحےکی خریداری کرنا چاہتا تھا، مخالفین کے منشیات اڈوں کو ختم کرنے کے لیے بھی اسلحےکی ضرورت تھی، اسلحے کی خریداری کی ذمہ داری اپنے کارندے رضا کو سونپی تھی۔
ملزم کے مطابق رضا خیبر پختونخوا میں موجود وہاب پٹھان نامی شخص سے اسلحےکی ڈیلنگ کر رہا تھا، اڈے سے منشیات فروشی کے تمام ترکام لیاقت انجام دیتا ہے۔