فیکٹ چیک: پاکستانی سوشل میڈیا پر 3 ہزار فلسطینی بچوں کوگود لینے کے جھوٹے دعوے زیر گردش ہیں

تحقیق کے دوران جیو فیکٹ چیک کو معلوم ہوا کہ سوشل میڈیا پوسٹس میں دیا جانے والا نمبر کسی نے بدنینی کی بنیاد پر شیئر کیا تھا۔

پاکستان میں واٹس ایپ گروپس میں گردش کرنے والی ایک آڈیو میں ایک شخص نے دعویٰ کیا ہے کہ حال ہی میں غزہ سے تعلق رکھنے والے 3 ہزار سے زائد یتیم بچے اسلام آباد پہنچے ہیں، جنہیں صاحب حیثیت پاکستانی افراد گود لے سکتے ہیں۔ پوسٹ میں ان بچوں کو گود لینے والے خواہشمند حضرات کے لئے رابطہ نمبر بھی دیا گیا ہے۔

یہ دعویٰ بے بنیاد ہے۔

دعویٰ

14 اپریل کو فیس بک پر شیئر کی گئی ایک پوسٹ میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ فلسطین سے 3 ہزار بچے پاکستان آئے ہیں۔ پوسٹ میں ایک موبائل نمبر لکھتے ہوئے مزید کہا گیا کہ”اگر کسی نے بچہ گود لینا ہے تو مفتی صاحب کے اس نمبر پر رابطہ کر لے۔“

فیس بک پوسٹ کے ساتھ اسی دعوے پر مشتمل 37 سیکنڈ کا ایک آڈیو پیغام بھی منسلک کیا گیا۔

یہ آڈیو پاکستان بھر کے واٹس ایپ گروپس میں بھی بڑے پیمانے پر شیئر کی جا رہی ہے۔

حقیقت

تحقیق کے دوران جیو فیکٹ چیک کو معلوم ہوا کہ سوشل میڈیا پوسٹس میں دیا جانے والا نمبر کسی نے بدنینی کی بنیاد پر شیئر کیاتھا۔ اس کے علاوہ، محکمہ امیگریشن اور پاسپورٹ، وزارت خارجہ اور وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (FIA)کے حکام نے سوشل میڈیا پر غزہ سے آنے والے بچوں کی پاکستان میں موجودگی اور ان کو گود لئے جانے کے دعووں کی مکمل تردید کی ہے۔

جیو فیکٹ چیک نےسوشل میڈیا پوسٹس میں درج موبائل نمبر پر رابطہ کیا تو محمد اعظم نامی شخص سے بات ہوئی۔ انہوں نے ٹیلی فون پر بتایا کہ ”میں نے ایف آئی اے والوں سے کہہ دیا ہے، سوشل میڈیا پہ فیک پوسٹ میں [ میرا نمبر] لگا دیا ہے۔“

محمد اعظم نےاس بات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ میرا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں ہے اورنہ ہی مجھے کسی فلسطینی بچے کے بارے میں کوئی علم ہے۔

اس کے علاوہ، اسلام آباد میں قائم حکومتی محکمے امیگریشن اور پاسپورٹ کے ڈائریکٹر جنرل مصطفیٰ جمال قاضی نے بھی اس بات کی مکمل تردید کی ہے کہ غزہ سے کوئی بھی بچہ پاکستان آیا ہے۔

فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (FIA) کے ایک سینئر اہلکار نے بھی اس معاملے کی حساسیت کے پیش نظر اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر جیو فیکٹ چیک کو بتایا کہ انہیں ایسی کوئی شکایت یا اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

اس کے علاوہ وزارت خارجہ کے ترجمان علی شاہد نے بھی جیو فیکٹ چیک کو بتایا کہ فی الحال انہیں اس قسم کی کوئی بھی معلومات موصول نہیں ہوئیں۔

اضافی رپورٹنگ: نادیہ خالد

ہمیں@GeoFactCheck پر فالو کریں۔

اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔

کور امیج: 9 اکتوبر کو غزہ میں سوسی مسجد پر اسرائیلی فضائی حملے کے بعد فلسطینی انخلا کر رہے ہیں، محمود حمس/اے ایف پی بذریعہ گیٹی امیج