Time 23 اپریل ، 2024
پاکستان

کسی سیاستدان یا ادارے کے فرد کے ذریعے مذاکرات نہیں ہو رہے: چیئرمین پی ٹی آئی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ ہم مزاحمت نہیں کر رہے ، مفاہمت سے انکار نہیں کر رہے ، کوئی خفیہ مذاکرات نہیں ہو رہے ، مذاکرات کریں گے تو اس سے آگاہ کریں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  اڈیالہ جیل میں 14 گھنٹے کی سماعت میں ہمیں شواہد دینے کا موقع نہیں دیا گیا ، ایک سوال پر کہا بشریٰ بی بی کےٹیسٹ سے متعلق انہیں کچھ نہیں بتایا گیا ، زہر خورانی سے متعلق بشریٰ بی بی کی میڈیکل رپورٹس آنا باقی ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ضمنی انتخاب پر تشویش کا اظہار کیا، بیلٹ باکس پہلے سے بھرے گئے تھے، پنجاب میں پہلے سے طے شدہ چیزیں سامنے آئیں، الیکشن کمیشن سے ہمارا احتجاج ہے، الیکشن کمیشن نے ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں دی،آراوز جوڈیشری سے نہیں لیے گئے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ  الیکشن کمیشن ایک بار پھر صاف شفاف انتخابات کرانے میں ناکام رہا، چیف جسٹس پاکستان کویاد دہانی کراتے ہیں ہماری پٹیشن کوبھی سنا جائے،  ہمارا مطالبہ ہے کہ فارم 45 پر ہمارا مؤقف سنا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ خان صاحب کے کسی سیاستدان یا ادارے کے فرد کے ذریعے مذاکرات نہیں ہو رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ان کے پاس کوئی پیغام نہیں آیا، اگر مذاکرات کا کوئی پیغام آیا تو بتائیں گے، کوئی خفیہ مذاکرات نہیں ہورہے، مذاکرات کریں گے تو آگاہ کریں گے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پیر کے روز ملک بھر میں پی ٹی آئی کا احتجاج ہوگا، وقت آئے گا کہ جمہوریت مضبوط ہوگی۔

مزید خبریں :