Time 24 اپریل ، 2024
دنیا

اسرائیلی فوج کے شمالی غزہ میں دوبارہ حملے، شہریوں کو نقل مکانی کی ہدایت

شمالی غزہ سے اسرائیلی فوج کے انخلا کے بعد نقل مکانی کرنے والے کچھ شہری اپنے گھروں کو لوٹ آئے تھے تاہم وہ اب دوبارہ نقل مکانی پر مبجور ہیں— فوٹو: رائٹرز
شمالی غزہ سے اسرائیلی فوج کے انخلا کے بعد نقل مکانی کرنے والے کچھ شہری اپنے گھروں کو لوٹ آئے تھے تاہم وہ اب دوبارہ نقل مکانی پر مبجور ہیں— فوٹو: رائٹرز

مقبوضہ فلسطین کے محصور علاقے غزہ کے شمال میں اسرائیلی فوج نے دوبارہ حملے شروع کردیے  اور شہریوں کو نقل مکانی کی ہدایت کردی۔

اسرائیل نے کچھ ہفتوں قبل یہ کہتے ہوئے شمالی غزہ سے اپنی فوجیں نکال لی تھیں کہ وہاں اب حماس کا کنٹرول ختم ہوچکا ہے۔ تاہم پیر کی شب اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ اور خاص طور سے بیت لاحیہ پر دوبارہ حملے شروع کردیے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے یہ کہتے ہوئے شہریوں کو نقل مکانی کی ہدایت کی ہے کہ وہ ’لڑائی کے علاقے‘ میں موجود ہیں۔

غزہ شہر میں زیتون کے علاقے کے قریب رہنے والے ایک شہری نے غیر ملکی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمیں نہیں معلوم کہ یہ سب کچھ کیوں ہورہا ہے؟ کیا یہ اس لیے ہورہا ہے کہ ہم اپنے گھروں کو واپس آگئے ہیں اور کئی مہینوں کی بھوک کے بعد ہمیں کچھ امداد ملنے لگی ہے اور اسرائیل کو یہ پسند نہیں آرہا‘۔

شہری کا کہنا تھا کہ ’ایسا لگ رہا ہے کہ جنگ دوبارہ شروع ہوگئی ہے‘۔

خیال رہے کہ شمالی غزہ سے اسرائیلی فوج کے انخلا کے بعد نقل مکانی کرنے والے کچھ شہری اپنے گھروں کو لوٹ آئے تھے تاہم وہ اب دوبارہ نقل مکانی پر مبجور ہیں۔

غزہ کی وزارت صحت کا بتانا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں 79 فلسطینی شہید جبکہ 86 زخمی ہوچکے ہیں۔

غزہ میں گزشتہ 200 روز سے جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اب تک 34ہزار 183 افراد شہید جبکہ 77 ہزار 143 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔

غزہ میں اسرائیلی جنگ کے سب سے زیادہ شکار خواتین اور بچے ہوئے ہیں، اب تک شہید ہونے والے افراد میں 14 ہزار 500 سے زائد بچے اور 9 ہزار 500 خواتین شامل ہیں۔

مزید خبریں :