دنیا
Time 23 اپریل ، 2024

غزہ میں دشمن کو 200 روز میں شرمناک شکست کے سوا کچھ نہیں ملا: ابوعبیدہ

جب تک ہماری زمین کے ایک انچ پر بھی دشمن موجود رہے گا، ہم طرح طرح سے اسے اپنے حملوں کا نشانہ بنائیں گے: ترجمان القسام بریگیڈز— فوٹو: القسام بریگیڈز
جب تک ہماری زمین کے ایک انچ پر بھی دشمن موجود رہے گا، ہم طرح طرح سے اسے اپنے حملوں کا نشانہ بنائیں گے: ترجمان القسام بریگیڈز— فوٹو: القسام بریگیڈز

مقبوضہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان ابوعبیدہ نے کہا ہے کہ دشمن غزہ کی سرزمین میں ایک دلدل میں پھنس گیا ہے۔

غزہ میں اسرائیل کے وحشیانہ حملوں کو 200 روز مکمل ہونے پر القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ دشمن نے 200 روز میں غزہ میں تباہی اور موت پھیلائی۔

انہوں نے کہا کہ دشمن غزہ کی سرزمین میں ایک دلدل میں پھنس گیا ہے، دشمن کو 200 روز میں شرمناک شکست کے سوا کچھ نہیں ملا، ہماری مزاحمت فلسطین کے پہاڑوں کی طرح مضبوط ہے، قابض فوج کی جارحیت ختم ہونے تک ہماری مزاحمت جاری رہےگی۔

ان کا کہنا تھاکہ اللہ کی مدد سے دشمن پر ہمارے حملے جاری رہیں گے اور جب تک ہماری زمین کے ایک انچ پر بھی دشمن موجود رہے گا، ہم طرح طرح سے اسے اپنے حملوں کا نشانہ بنائیں گے۔

القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے فلسطینیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی اپنی سرزمین پر روزانہ ثابت قدمی کے ساتھ اسرائیلی جارحیت کا مقابلہ کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اب تک 34 ہزار سے زائد افراد شہید اور 77 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔ شہدا میں 14 ہزار سے زائد بچے اور 9 ہزار سے زائد خواتین شامل ہیں۔


مزید خبریں :