میٹا کی ایپ تھریڈز کے صارفین کی تعداد 15 کروڑ سے متجاوز

مارک زکربرگ کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا / رائٹرز فوٹو
مارک زکربرگ کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا / رائٹرز فوٹو

میٹا کی جانب ایکس (ٹوئٹر) کے مقابلے پر متعارف کرائے جانے والی سروس تھریڈز کے ماہانہ صارفین کی تعداد 15 کروڑ سے زائد ہوگئی ہے۔

یہ اعلان میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے جنوری سے مارچ 2024 کی سہ ماہی کی آمدنی کی رپورٹ جاری کرتے ہوئے کیا۔

اس سے قبل فروری 2024 میں انہوں نے بتایا تھا کہ تھریڈز کو ماہانہ 13 کروڑ افراد استعمال کر رہے ہیں، یعنی بہت کم عرصے میں مزید 20 کروڑ صارفین کا اضافہ ہوا۔

خیال رہے کہ تھریڈز کو جولائی 2023 میں متعارف کرایا گیا تھا۔

آغاز میں تو اس نئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم میں لوگوں نے کافی دلچسپی دکھائی مگر پھر وہ اس سے دور ہٹنے لگے۔

مگر میٹا کی جانب سے تھریڈز کو بہتر بنانے کی کوششیں اب رنگ لا رہی ہیں اور اس کے صارفین کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔

جنوری سے مارچ 2024 کے دوران اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو استعمال کرنے والوں کی تعداد میں 2 کروڑ کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔

اس سے عندیہ ملتا ہے کہ تھریڈز کے صارفین کی تعداد میں مستحکم انداز سے اضافہ ہو رہا ہے۔

درحقیقت اس نے روزانہ استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد کے حوالے سے امریکا میں ایکس کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں ایکس کو روزانہ استعمال کرنے والے افراد کی تعداد 55 کروڑ سے زائد ہے۔

اسی طرح میٹا کی ایپس فیس بک، انسٹا گرام، میسنجر اور واٹس ایپ کو روزانہ استعمال کرنے والے افراد کی تعداد جنوری سے مارچ کے دوران 3 ارب 24 کروڑ تک پہنچ گئی، جو اکتوبر سے دسمبر 2023 کے دوران 3 ارب 19 کروڑ تھی۔

مجموعی طور پر میٹا ایپس کے صارفین کی تعداد گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 7 فیصد کا اضافہ ہوا۔