26 اپریل ، 2024
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے پولیس یونیفارم پہننے پر قومی اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف نے شدید تنقید کی۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے کہا کہ یہ ملک میں کیا ہورہا ہے، آج چیف منسٹر صاحبہ پولیس یونیفارم میں پریڈ میں آگئیں، یہ غیر سنجیدہ حکومت ہے،نہ کوئی پالیسی بیان،نہ مہنگائی پر کوئی بات۔
عمر ایوب نے کہا کہ آج بجلی کا ریٹ 85 روپے یونٹ ہے، گیس کا ریٹ چار گنا بڑھ گیا ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ 870 ارب روپے پیٹرولیم لیوی کا معاہدہ سائن کیا ہوا ہے، سونے پر سہاگہ 100 ارب روپے مزید پیٹرولیم لیوی کردیا ہے، یہ عوام کی جیب سے جائے گا۔
ایم کیو ایم پاکستان کے خواجہ اظہار نے عمر ایوب کے بیان پر اسپیکر سے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن لیڈر مسلسل رولز آف بزنس کی خلاف ورزی کررہے ہیں،ان کا یہ استحاق نہیں کہ جب چاہے کھڑا ہوکر تقریر کرلیں،کسی پر بھی تنقید کرلیں، اپوزیشن لیڈر کھڑے ہوئے، آپ نے مائیک کھولا اور وہ شروع ہوگئے، ایسا نہیں ہونا چاہیے۔
دوسری جانب وزیر اطلاعات پنجاب عَظمیٰ بخاری نے مریم نواز کے پولیس یونیفارم پہننے پر تنقید کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ ٹولہ تنقید کر رہا جن کا لیڈر اپنی بیٹی کو بھی تسلیم کرنے کو تیار نہیں، پوری دنیا میں سربراہان مملکت یونیفارم پہن کر اپنی فورسز کی عزت و تکریم میں اضافہ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے بھی اپنے دور حکومت میں یہی کیا تھا، مریم نواز نے اس روایت کو برقرار رکھا، مریم نواز کے اس عمل پر جلنے اور سڑنے کی ضرورت نہیں، انہوں نے پولیس کا یونیفارم پہن کر پنجاب پولیس کی عزت اور وقار میں اضافہ کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پولیس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں پولیس یونیفارم پہن کر شرکت کی۔