کھیل
Time 26 اپریل ، 2024

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2009 کی فاتح ٹیم کی جیت کا سفر جاری

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2009 کی فاتح ٹیم اُس وقت کے کپتان یونس خان کے ہمراہ ان دنوں امریکا کے مختلف ریاستوں کے ٹور پر ہے/ فوٹو سوشل میڈیا
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2009 کی فاتح ٹیم اُس وقت کے کپتان یونس خان کے ہمراہ ان دنوں امریکا کے مختلف ریاستوں کے ٹور پر ہے/ فوٹو سوشل میڈیا

2009 کی فاتح ٹیم 27 اپریل کو ہیوسٹن میں مقامی فرنچائز نائٹ رائیڈرز یونائیٹڈ سے نمائشی میچ کھیلے گی۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2009 کی فاتح ٹیم اُس وقت کے کپتان یونس خان کے ہمراہ ان دنوں امریکا کے مختلف ریاستوں کے ٹور پر ہے جہاں ٹیم کے 7  نامور  کھلاڑی  ٹرافی کے ہمراہ مختلف ایونٹس میں شرکت کررہے ہیں۔

 فاتح ٹیم 27 اپریل کو امریکا کی مشہور مقامی فرنچائز نائٹ رائیڈرز یونائیٹڈ سے نمائشی میچ کھیلے گی جس میں کپتان یونس خان کے ہمراہ شاہد آفریدی، مصباح الحق، عبدالرزاق، کامران اکمل، عمر گل اور فواد عالم شامل ہیں جب کہ وہاں موجود کرکٹرز عثمان شنواری،  جان نثار خان،  محمد محسن اور نعمان انور بھی ٹیم کا حصہ ہونگے۔

ادھر مقامی فرنچائز نائٹ رائیڈرز یونائیٹڈ کی ٹیم مختلف ملکوں کے کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جس میں امریکی کھلاڑیوں کے ساتھ پاکستان، بھارت، ویسٹ انڈیز اور جنوبی  افریقا کے کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

فرنچائز ٹیم کی کپتانی جسکرن ملہوترہ کریں گے جب کہ دونوں ٹیموں کے درمیان نمائشی میچ ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن کے موسیٰ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔