Time 26 اپریل ، 2024
پاکستان

کراچی کا جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ میں شامل

کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کو روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ میں شامل کرلیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ائیرپورٹ کے روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ میں شامل ہونے سےعازمین حج کو روڈ ٹو مکہ منصوبے کے تحت کراچی ائیرپورٹ پر سہولتیں میسر ہوں گی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ عازمین حج کی امیگریشن اب سعودی عرب کے بجائے کراچی میں ہوگی اور عازمین کو جدہ اور مدینہ ائیرپورٹ پر امیگریشن کی ضرورت نہیں ہوگی۔

ذرائع کے مطابق  روڈ ٹو مکہ منصوبے کے تحت کراچی ائیرپورٹ پر انتظامات آخری مراحل میں ہیں، سعودی امیگریشن کے لیے سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے دو کاؤنٹرز کے لیے جگہ مختص کردی ہے، کراچی ائیرپورٹ پر سعودی ایوی ایشن کا عملہ عازمین کی امیگریشن کرے گا۔

ڈائریکٹر حج کراچی کا کہنا ہے کہ پہلی پرواز کراچی سے 9 مئی کو روڈ ٹو مکہ منصوبے کے تحت حجاز مقدس روانہ ہوگی۔

ڈائریکٹر حج کراچی نے بتایا کہ حکومتی اسکیم کے تحت کراچی کے 16 ہزار 281، سکھر کے ایک ہزار اورکوئٹہ کے2 ہزار 200 عازمین روڈ ٹو مکہ منصوبے کے تحت کراچی سے حجاز مقدس روانہ ہوں گے۔

ڈائریکٹر حج کے مطابق کراچی سے جانے والے عازمین کے سامان کی پلاسٹک ریپنگ کے اخراجات بھی حکومت برداشت کرے گی۔

مزید خبریں :