27 اپریل ، 2024
سندھ سے چوری کی گاڑی استعمال کے الزام میں ڈی ایس پی سی ٹی ڈی پشاور کو معطل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق سی ٹی ڈی نے واقعہ کی تفتیش شروع کردی ہے۔تفتیش مکمل ہونے تک متعلقہ ڈی ایس پی کو معطل کردیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سندھ پولیس نے گاڑی کی برآمدگی او ڈی ایس پی کی گرفتاری کے لیے پشاورپولیس سے رابطہ کرلیا ہے۔پشاور پولیس نے بتایا کہ الزامات ثابت ہونے کے بعد متعلقہ آفیسر کو سندھ پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔
سندھ سے چوری کی گاڑی سی ٹی ڈی کے ڈی ایس پی کے پاس دیکھی گئی۔اس حوالے سے معطل ڈی ایس پی نے جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے خلاف منفی پراپیگنڈا کیا جارہا ہے۔بغیر انکوائری مجھے معطل کرنے پر ہائی کورٹ میں رٹ دائر کروں گا۔
متعلقہ ڈی ایس پی نے کہا کہ من گھڑت الزامات عائد کرنے پرسندھ پولیس کے خلاف بھی عدالت جاؤں گا، میرے پاس رینٹ کی گاڑی تھی چوری کی نہیں ہے۔