27 اپریل ، 2024
راولپنڈی: دوستوں کے ساتھ مل کر اپنے اغوا کا ڈرامہ رچا کر اپنی ہی فیملی سے تاوان کا مطالبہ کرنے والے نوجوان کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
راولپنڈی پولیس کے مطابق تھانہ نصیرآباد پولیس نے نوجوان کے والد کی مدعیت میں 25 اپریل کو اغوا کا مقدمہ درج کیا تھا، تفتیش پر معلوم ہوا نوجوان نے دوستوں کے ہمراہ اپنے اغوا کا ڈرامہ رچایا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے اپنے اغوا کا ڈرامہ رچا کر دوستوں سے مل کر اپنے ہی والد سے ایک کروڑ روپے تاوان مانگا تھا۔
پولیس حکام کا بتانا ہے کہ نوجوان ساجد نے اپنے اغوا کے منصوبے میں دو دوستوں کو شامل کیا تھا، واقعہ تھانہ نصیر آباد کے علاقے چاکرہ میں پیش آیا تھا۔
پولیس کے مطابق تینوں ملزمان ساجد، آفتاب اور قاسم کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا۔