27 اپریل ، 2024
لاہور : کسانوں سےگندم خریداری کے معاملے پر محکمہ خوراک پنجاب کے حکام کا کہنا ہے کہ گندم کی خریداری پر پالیسی دی ہے اور نہ ہی گندم خریدی ہے۔
محکمہ خوراک پنجاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ ہمارےگوداموں میں پہلے ہی 23 لاکھ ٹن گندم موجود ہے، تین رکنی وزرا کمیٹی گندم خریداری پالیسی کا اعلان ایک دو روز میں کرےگی۔
محکمہ خوراک کے مطابق پہلا آپشن آن لائن درخواستیں ہیں، ان سےگندم خریدیں گے، 4 لاکھ میں سے ایک لاکھ 39 ہزاردرخواستیں منظور ہوئی تھیں، دوسرا آپشن کسان کارڈ میں امدادی رقم شامل کرنا ہے، ا س وقت مالی حالات اور موسم گندم کی خریداری کیلئے موافق نہیں، ماضی میں کسان گندم خریداری پر لڑتے تھے، آج جب اوپن اجازت دی جاچکی تب بھی کسان رونا رو رہے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ فلورملز، مڈل مین اور چکی اونر سب کوگندم خریدنا چاہیے، اصل ایشویہ ہےکہ مافیازکواسمگلنگ کے راستے نہیں مل رہے، گندم اور آٹا سستا ہونے سے عوام خوش ہیں، چھوٹےکسان کامفاد اولین ترجیح ہے، وہ پریشان نہ ہوں۔