27 اپریل ، 2024
ریاض: دورہ سعودی عرب میں وزیراعظم شہباز شریف سے مشیر شاہی دربار اور جنرل سیکرٹری سعودی پاکستان سپریم کوآرڈینیشن کونسل محمد بن مزیاد آل تویجری کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔
اعلامیےکے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی اور دونوں اطراف سے معاشی تعلقات کو مزید فروغ دینےکے حوالے سے غیر معمولی گرم جوشی کا اظہار کیا گیا۔
ملاقات میں سعودی وزیر خارجہ کے وفد کے ہمراہ پاکستان کے دورے کے دوران پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری پر ہوئی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا، سعودی وفد نے پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کے حوالے سے سعودی حکومت اور کمپنیوں کی طرف سے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر محمد بن مزیاد نےکہا کہ سعودی وزیر خارجہ کے پاکستان کے دورے کے بعد پاکستان میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری کی جانب سے ترجیحی بنیادوں پرکام شروع کردیا گیا ہے،جنگی بنیادوں پر پاکستان میں سرمایہ کاری پر کام شروع کر دیا ہے، جس میں سرکاری اور نجی سیکٹر دونوں کی سرمایہ کاری شامل ہے۔
ملاقات میں وزیر اعظم کو سعودی حکومت کے اصلاحات کے ایجنڈے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نےکہا کہ ہم پاکستان کی گورننس اسٹرکچرکو جدید خطوط پر استوار کرنےکے حوالے سے سعودی حکومت کی کامیاب اصلاحاتی پالیسی کے تجربے سے مستفید ہونا چاہتے ہیں،سعودی وفد کے دورہ پاکستان کے دوران ہوئی پیشرفت پر برق رفتاری سے آگے بڑھ رہے ہیں۔
خیال رہے کہ محمد بن مزیاد آل تویجری سعودی عرب کے ویژن 2030 کےانچارج بھی ہیں۔
انہوں نے وزیراعظم کو ویژن 2030 سے متعلق تفصیلی آگاہ کیا۔