28 اپریل ، 2024
اداکارہ سونیا حسین نے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کے دوسری شادی نہ کرنے کے حوالے سے دیے گئے بیان پر ردعمل دیا اور ان کی سوچ کی داد دی۔
اداکارہ نے انسٹاگرام اسٹوری پر شیر افضل کی ویڈیو شیئر کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا، سونیا حسین نے لکھا کہ جس بے رحم معاشرے میں ہم رہتے ہیں، ایسے میں شیر افضل مروت کی کہی بات پر وہ ان کی بہت عزت کرتی ہیں۔
سونیا حسین نے کہا کہ شیر افضل مروت انسانی شرافت کی اہمیت اور رشتوں کے بنیادی اصولوں کو سمجھتے ہیں۔
سونیا حسین نے کہا کہ صرف ایک بیٹے کی خواہش کے لیے دوسری شادی کرنا ظلم ہے، شیر افضل مروت نے دوسری شادی نہ کرنے کا فیصلہ کرکے ناصرف اپنی اہلیہ کے ساتھ انصاف کیا بلکہ اپنی بیٹیوں کو بھی زندگی بھر کے صدمے سے بچایا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے اس بات پر کوئی شک نہیں کہ ایک دن ان کی بیٹیاں ان کے لیے فخر کا باعث بنیں گی۔
شیر افضل مروت کا بیان:
واضح رہے کہ کچھ دن قبل شیر افضل مروت نے ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ اولاد نرینہ نہ ہونے پر 2007 میں ان کی بیوی نے ان سے کہا تھا کہ وہ دوسری شادی کرلیں۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی شادی کو 5 سے 6 سال ہو چکے تھے اور اس وقت ان کے والد حیات تھے اور ان کے معاشرے میں مرد کے لیے بیٹے کی خاطر دوسری شادی کرنا معمولی بات تھی۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ انہوں نے اس بارے میں کچھ وقت سوچنے کے بعد اپنی اہلیہ کو بتایا کہ وہ اولاد کی خوشی کے لیے سوتن لاکر اپنی بیوی پر ظلم نہیں کرسکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی خاتون بالخصوص اگر وہ شریک حیات ہے، اس پر سب سے بڑا ظلم یہ ہے کہ آپ اپنی کسی خوشی یا کسی مجبوری کی خاطر دوسری شادی کر لیں، خاتون کی بھی ایک ہی زندگی ہے، وہ عورت سب کچھ چھوڑ کر آپ کے گھر آکر نئی زندگی شروع کرتی ہے۔