29 اپریل ، 2024
غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی کوششیں جاری ہیں، برطانوی وزیرخارجہ ڈیوڈ کیمرون کے مطابق اسرائیل نے حماس کو غزہ میں 40 روز کی جنگ بندی کی پیشکش کی ہے۔
برطانوی وزیرخارجہ ڈیوڈ کیمرون نے کہا ہے کہ یرغمالیوں کی رہائی کے بدلے ممکنہ طورپر ہزاروں فلسطینی قیدیوں کی رہائی کی پیشکش بھی شامل ہے۔
ڈیوڈ کیمرون نے اُمید ظاہر کی کہ حماس ان تجاویز پر اتفاق کرے گی کیونکہ اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی تک جنگ نہیں رکے گی اور یہ کہ دو ریاستی حل کے سیاسی ماحول کے لیے حماس قیادت اور7 اکتوبر کے ذمہ داروں کو غزہ چھوڑنا ہوگا۔
عرب میڈیا کے مطابق حماس کا وفد آج قاہرہ میں مصری اور قطری ثالث کاروں سے ملاقات میں اسرائیل کی جنگ بندی تجاویز پر اپنا جواب دے گا۔
ترجمان حماس عبدالطیف الکانو کا کہنا ہے کہ مستقل جنگ بندی کو یقینی بنانا مذاکرات کی پیشرفت کی لازمی بنیاد ہے، ہم جنگ بندی اورغزہ سے اسرائیلی افواج کا انخلا چاہتے ہیں، ہمارے مطالبات جائز ہیں، اِن پر تمام دھڑوں نے اتفاق کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم بے گھر افراد کی ان کے گھروں کو واپسی چاہتے ہیں، ان مطالبات کی منظوری کے بغیر کوئی بھی معاہدہ کامیاب نہیں ہوگا۔