30 اپریل ، 2024
لاہور: پنجاب کے وزیر خوراک بلال یاسین نے کہا ہےکہ سستی گندم بیچنے پر مجبور کسانوں کو بینک آف پنجاب کے ساتھ مل کر معاوضہ ادا کیا جائے گا۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خوراک بلال یاسین نےکہا کہ حکومت پنجاب چھوٹے کسانوں سے گندم خرید کر ذخیرہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ سستی گندم بیچنے پر مجبور کسانوں کو بینک آف پنجاب کے ساتھ مل کر معاوضہ ادا کیا جائے گا۔
دوسری جانب پنجاب حکومت نے گندم کے معاملے پرنئی حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے حکومتی پالیسی پرپورا اترنے والے کسانوں کو 400 سے 600 روپے فی من سبسڈی دینے پرغور شروع کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت کے پاس اگلے سیزن تک 23 لاکھ میٹرک ٹن گندم موجود ہے اور کسانوں کے پاس جو گندم ہے اس میں بارشوں کی وجہ سے نمی ہے، اس لیے نمی والی گندم کو ذخیرہ کرنا ممکن نہیں۔