01 مئی ، 2024
اگر پالتو جانوروں کی بات کی جائے تو بلی ان جانداروں میں سے ایک ہے جن سے انسانوں کو بہت پیار ہوتا ہے۔
کروڑوں افراد بلیوں کو پالتے ہیں مگر اس وقت کیا ہو جب آپ غلطی سے اپنی بلی کو ایک پارسل میں ڈال کر سیکڑوں میل دور بھیج دیں؟
یقین کرنا مشکل ہوگا مگر امریکا میں ایسا حیرت انگیز واقعہ پیش آیا جب ایک بلی ایک پارسل کے ڈبے میں ریاست یوٹاہ سے کیلیفورنیا کے ایک گودام میں پہنچ گئی۔
کیری اسٹیونز کلارک کی بلی جلینا 10 اپریل کو اچانک گھر سے غائب ہوگئی جس کے بعد اس کی تلاش شروع ہوئی۔
10 اپریل کو کیری اسٹیونز اور ان کے شوہر 5 جوتوں کو پیک کرکے بھیج رہے تھے جس دوران ڈبوں کو پسند کرنے والی بلی خاموشی سے اندر گھس گئی۔
کیری اسٹیونز کے مطابق بلی کو ڈبوں میں چھپنا پسند تھا تو یقیناً وہ اسے کھیل سمجھی اور پیکنگ کے عمل کے دوران بالکل خاموش رہی۔
لگ بھگ ایک ہفتے تک اس 6 سالہ بلی کی تلاش جاری رہی اور کیری اسٹیونز کو سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ وہ کہاں گم ہوگئی ہے۔
کیری اسٹیونز اور ان کے گھر والے بلی کی واپسی کے لیے دعا گو تھے، یہاں تک کہ کیری اسٹیونز نے ایک دن کا روزہ بھی اس کی تلاش کے لیے رکھا۔
ایک ہفتے کے بعد اسے ایمازون کے کیلیفورنیا کے گودام میں جوتوں کے ڈبے میں دریافت کیا گیا اور ڈاکٹر کے پاس لے جایا گیا۔
حیران کن طور پر اتنے دن تک کھانے یا پانی کے بغیر بھی بلی زندہ بچنے میں کامیاب رہی بس جسم میں پانی کی معمولی کمی ہوئی تھی۔
البتہ ڈبا مکمل طور پر سیل نہیں تھا جس کے باعث اسے سانس لینے میں مدد ملی۔
ڈاکٹر نے معائنے کے دوران بلی میں ایک مائیکرو چپ کو دریافت کیا جس سے مالکان کو ڈھونڈنا ممکن ہوگیا۔
مائیکرو چپ کی مدد سے کیری اسٹیونز کے فون نمبر کا علم ہوا اور انہیں فون کیا گیا۔
پہلے تو کیری اسٹیونز کو یہ مذاق لگا کیونکہ یہ فون لاس اینجلس کے قریبی علاقے سے آیا تھا مگر پھر انہیں یقین ہوگیا کہ یہ ان کی بلی ہی ہے۔