03 مئی ، 2024
اسلام آباد ہائی کورٹ نے آڈیو لیکس کیس میں جسٹس بابر ستار پر انٹیلی جنس بیورو( آئی بی) کی جانب سے اعتراض اور اعتراض واپس لینے کی درخواستیں خارج کر دیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس بابر ستار نے آڈیو لیکس کیس میں بینچ پر اعتراض واپس لینے کی آئی بی کی متفرق درخواست پر سماعت کی۔
اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے کہا کہ آئی بی کی آڈیو لیکس میں بینچ پر اعتراض کی درخواست واپس لینا چاہتے ہیں۔
اس پر عدالت نے کہا آئی بی کی بینچ پر اعتراض والی درخواست تو پہلے ہی خارج کی جا چکی ہے۔ اس کا آرڈر آئے گا تو وہ آپ کو مل جائے گا۔ آرڈر میں ڈی جی آئی بی کو نوٹس کیا ہے کہ کیوں نا ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔ آرڈر میں یہ بھی پوچھا گیا ہے کہ یہ درخواست دائر کرنے کی اتھارٹی کس نے دی تھی۔ آپ نے اس پر جواب دینا ہے ،وہ آرڈر آنے کے بعد دے دیجیے گا۔
واضح رہے کہ آئی بی سمیت 4 اداروں نے جسٹس بابر ستار پر اعتراض کرتے ہوئے کیس سے الگ ہونے کی درخواستیں دائر کی تھیں ۔
عدالت نے گزشتہ سماعت پر پیمرا، پی ٹی اے اور ایف آئی اے کی درخواستیں عدالت نے پانچ پانچ لاکھ روپے کے جرمانوں کیساتھ خارج کر دی تھیں۔