دنیا
Time 05 مئی ، 2024

ہردیپ نجر قتل کیس: بھارتی شہریوں کی گرفتاری پر کینیڈین وزیراعظم کا بیان، بھارتی وزیر خارجہ سیخ پا

کینیدا میں مضبوط اور آزاد انصاف کا نظام ہے: وزیراعظم جسٹس ٹروڈو
کینیدا میں مضبوط اور آزاد انصاف کا نظام ہے: وزیراعظم جسٹس ٹروڈو

کینیڈا میں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں ملوث 3 بھارتی شہریوں کی گرفتاری کے بعد کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے بیان دیا کہ "کینیڈا آئین کی حکمرانی والا ملک ہے"۔

کینیڈا میں مودی سرکار کے ہاتھوں ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کیس میں ملوث 3 بھارتی شہریوں کی گرفتاری کے بعد کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا بیان سامنے آیا ہے۔

 وزیراعظم  جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ کینیڈا آئین کی حکمرانی والا ملک ہے اور یہاں مضبوط اور آزاد انصاف کا نظام موجود ہےـ

دوسری جانب کینیڈین وزیراعظم  کے بیان پرردعمل دیتے ہوئے  بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر  نے کہا کہ کینیڈا ہم پر الزامات تو لگاتا ہے مگر ثبوت نہیں دیتا۔ 

جے شنکر نے کہا کہ  کینیڈا میں جن بھارتی لوگوں کو سکھ رہنما کے قتل کیس میں گرفتار کیا گیا  ان کے بارے میں ہم کینیڈین پولیس کی جانب سے ثبوت دیئے جانے کا انتظار کریں گے۔

خیال رہے  دو دن قبل کینیڈین پولیس نے کینیڈا میں خالصتان کے حمایتی سکھ رہنما  ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کیس میں ملوث 3 بھارتی شہریوں کو گرفتار کیا تھا۔ 

کینیڈین میڈیا کے مطابق بھارتی سرکار کے اشاروں پر کام کرنے والے ہٹ اسکواڈ میں ڈرائیور، شوٹر اور نگرانی کرنے والے شامل تھے، ہردیپ سنگھ نجر کو گزشتہ سال جون میں گرونانک گردوارے کے دروازے پر قتل کیا گیا تھا۔

نجر قتل کیس میں گرفتاریاں جمعے کے روز دو مختلف صوبوں میں عمل میں آئیں تھیں، کمل پریت سنگھ، کرن پریت سنگھ اور کرن برار پر فرسٹ ڈگری قتل اور سازش کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

مزید خبریں :