06 مئی ، 2024
فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے کہا ہے کہ رفح میں آپریشن اسرائیلی فوج کے لیے پکنک ثابت نہیں ہوگا۔
اسرائیلی فوج کی رفح میں زمینی آپریشن کی تیاریوں پر ردعمل دیتے ہوئے حماس کا کہنا ہے کہ اپنے لوگوں کے دفاع کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔
حماس کے رہنما عزت الرشق نے کہا کہ رفح میں اسرائیل کا زمینی آپریشن جنگ بندی مذاکرات کو خطرے میں ڈال دےگا۔
حماس نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ رفح میں اسرائیلی آپریشن رُکوانے کے لیے فوری اقدامات کرے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوج نے رفح میں پناہ لینے والے عام شہریوں کو فوری علاقہ چھوڑنے کے احکامات جاری کردیے ہیں جس کے نتیجے میں مشرقی رفح سے شہریوں نے انخلا شروع کردیا ہے۔
غزہ میں اسرائیلی حملوں سے خوفزدہ 15 لاکھ فلسطینی شہریوں نے رفح میں پناہ لے رکھی ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہےکہ ہم متوقع زمینی آپریشن سے پہلے مشرقی رفح سے ایک لاکھ لوگوں کو نکال رہے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مصر نے بھی رفح میں متوقع اسرائیلی آپریشن کے پیش نظر شمالی صحرائے سینا میں غزہ کی سرحد کے ساتھ اپنی فوج کو ہائی الرٹ کردیا ہے۔
یاد رہے کہ عالمی برداری پہلے ہی اسرائیل کو رفح میں زمینی آپریشن کی صورت میں تباہ کن نتائج سے خبردار کرچکی ہے۔