دنیا
Time 06 مئی ، 2024

الجزیرہ پر پابندی کے بعد اسرائیلی پولیس کا ٹی وی کے دفتر پر چھاپا، سامان ضبط

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

اسرائیلی پولیس نے قطر کے نشریاتی ادارے الجزیرہ پر پابندی کے بعد مقبوضہ بیت المقدس کے ہوٹل میں قائم ادارے کے دفتر پر چھاپا مارکر سامان ضبط کرلیا۔

برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی حکومت کے احکامات پر الجزیرہ ٹی وی کی نشریات کو روکنے کے بعد ٹی وی کا سامان بھی ضبط کرلیا گیا ہے جبکہ الجزیرہ کی ویب سائٹ کو بھی بلاک کردیا گیا ہے۔

انٹرنیٹ پر الجزیرہ کے دفتر پر اسرائیلی پولیس کے چھاپےکی گردش کرتی  ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سادہ کپڑوں میں ملبوس اسرائیلی پولیس  اہلکار کیمروں سمیت دیگر سامان اکھاڑ کر لے جارہے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسرائیلی حکومت کے احکامات پر سیٹلائٹ اور کیبل فراہم کرنے والوں نے الجزیرہ چینل کی نشریات معطل کردی تھیں، اسرائیلی سیٹلائٹ سروس کے مطابق اسرائیلی حکومت کے فیصلے پر اسرائیل میں الجزیرہ کی نشریات روک دی گئی ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی کابینہ نے متفقہ طور پر اسرائیل میں الجزیرہ کا آپریشن بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا جبکہ اسرائیلی پارلیمنٹ الجزیرہ چینل کی عارضی بندش کے حق میں پہلے ہی ووٹ دے چکی تھی۔

اسرائیلی وزیر اطلاعات شلومو کرہی نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں الجزیرہ کو بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے الجزیرہ چینل کی بندش کے حکم پر دستخط کردیے ہیں اور یہ حکم فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیر اطلاعات کے یہ احکامات ابتدائی طور پر 45 دن تک نافذ رہیں گے مگر اس کے بعد وزارت کو ضلعی عدالت کے سامنے اس فیصلے کو رکھنا ہوگا۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق حکومت نے وزیر اطلاعات کو ہدایت کی تھی کہ اسرائیل میں الجزیرہ چینل کو بند کرنے کے ساتھ الجزیرہ چینل کے آفس کو سیل کرکے کمپیوٹرز اور موبائل سمیت دیگر سامان کو بھی ضبط کرلیا جائے۔

مزید خبریں :