07 مئی ، 2024
اسرائیلی فوج نے رات گئے رفح پر حملہ کرکے 15 فلسطینیوں کو شہیدکردیا جب کہ صیہونی فوج نے رفح کراسنگ کا آپریشنل کنٹرول حاصل کرکے مصر کے راستے آنے والی عالمی امداد بھی روک دی۔
حماس کی جانب سے غزہ جنگ بندی کا معاہدہ قبول کرنے کے باوجود اسرائیل کے حملے جاری ہیں اور اسرائیلی فوج نے گزشتہ رات رفح پر حملہ کیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی حملوں میں اب تک کم از کم 20 فلسطینی شہری شہید ہوچکے ہیں اور متعدد زخمی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے مصر کی سرحد سے منسلک رفح کراسنگ کا آپریشنل کنٹرول بھی حاصل کرلیا اور مصر کے راستے آنے والی عالمی امداد بھی روک دی۔
اسرائیلی فوجی ترجمان کے مطابق اسرائیل نے رفح کراسنگ کا آپریشنل کنٹرول حاصل کرلیا ہے، اسرائیلی اسپیشل فورسز رفح کراسنگ کے علاقےکی اسکیننگ کررہی ہیں اور اسرائیلی فورسز رفح کے مخصوص علاقوں میں آپریشن کررہی ہیں۔
واضح رہےکہ فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے غزہ میں جنگ بندی کے حوالے سے قطر اور مصر کا تجویز کردہ جنگ بندی معاہدہ قبول کرلیا تھا جس کے بعد اسرائیل کی جانب سے مثبت جواب کا انتظار تھا مگر اسرائیل نے رفح پر حملہ کردیا۔