09 مئی ، 2024
پاکستان کرکٹ ٹیم کے قائم مقام ہیڈ کوچ اظہر محمود کا کہنا ہے کہ آئرلینڈ کے پلیئرز کو اپنی لوکل کنڈیشنز کا اندازہ ہے ، پلیئرز کو کاؤنٹی کا تجربہ بھی ہے، آئرلینڈ کو سیریز میں کمزور حریف نہیں سمجھیں گے ۔
پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان جمعہ سے شروع ہونیوالی ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے پہلے ٹریننگ سیشن کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اظہر محمود نے کہا کہ ٹیم کا ٹریننگ سیشن کافی اچھا رہا تھا، پلیئرز نے ہلکی پُھلکی ٹریننگ کی کیوں کہ لاہور میں ہونیوالے کیمپ میں بھرپور محنت کرکے آئے تھے، آئرلینڈ میں ہونے والے سیشن میں کھلاڑیوں نے ٹاپ اپ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ آئرلینڈ کیخلاف سیریز سے قبل تمام پلیئرز کے حوصلے بلند ہیں، ٹیم اچھا پرفارم کرنے کیلئے پر امید ہے ،کھلاڑیوں کو اپنی اسٹرینتھ پر بھروسہ ہے۔
اظہر محمود نے کہا کہ پاکستان ٹیم کو اپنے کامبی نیشن کا اندازہ ہے، معلوم ہے کہ کون اوپنرز ہوں گے اور کس نے کہاں کیا کردار ادا کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاوور پلے میں اچھا کھیلنا ضروری ہے اور اس کے بعد مڈل فیز بھی اچھا نکالنا ہے جس کی تیاری کی ہے ۔ ٹیم ہر حساب سے تیاری کرکے آئی ہے اور اب اس پر عملدرآمد کا وقت ہے۔
اظہر محمود نے کہا کہ یہ ورلڈ کپ کی تیاری کا حصہ ہے ،اصل ہدف ورلڈ کپ میں اچھے برانڈ کی کرکٹ کھیلنا ہے اور اس کو ذہن میں رکھ کر ہی آگے بڑھیں گے۔
خیال رہے کہ آئرلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم ڈبلن پہنچ چکی ہے۔
پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشلز 10، 12 اور 14 مئی کو ڈبلن میں کھیلے جائیں گے۔
آئرلینڈ کا دورہ مکمل کرکے پاکستان کرکٹ ٹیم انگلینڈ پہنچے گی جہاں اسے انگلینڈ کے خلاف 4 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلنا ہے۔
انگلینڈ اور قومی ٹیم کے درمیان کھیلے جانے والے یہ میچ 22 سے30 مئی تک ہوں گے۔