11 مئی ، 2024
کراچی میں محکمہ ایکسائز و انسداد منشیات نے شارع فیصل پر کارروائی کرتے ہوئے تعلیمی اداروں میں کوکین اور منشیات سپلائی کرنے والے دو ملزمان کو منشیات سمیت گرفتار کرلیا۔
حکام کے مطابق کارروائی کے دوران کوکین ڈیلرز کے قبضے سے تقریباً 20 لاکھ روپے مالیت کی کوکین برآمد کی گئی ہے۔
سینیئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے ڈی جی ایکسائز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دو مرکزی کوکین ڈیلر قربان علی اور حبیب الرحمان کو شارع فیصل سے گرفتار کیا گیا جن کے قبضے سے گاڑی بھی ملی جس میں سرکاری جعلی نمبر پلیٹ کا استعمال کیا گیا۔
شرجیل میمن کے مطابق ملزمان تعلیمی اداروں اور پوش علاقوں میں منشیات سپلائی کرتے تھے، دونوں ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔