13 مئی ، 2024
کراچی میں شدید گرمی کے دوران کے الیکٹرک کی جانب سے بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
صارفین کا کہنا ہے کہ گرمی ہوتے ہی کےالیکٹرک نے لوڈشیڈنگ کادورانیہ بڑھا دیا ہے۔
بجلی کی عدم فراہمی کے باعث طلبہ کو امتحانات کی تیاری میں پریشانی کا سامنا ہے۔
شہر کے مختلف علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹوں سے تجاوز کرگیا ہے، کورنگی، لانڈھی، شاہ فیصل کالونی، بھینس کالونی کےمکین لوڈشیڈنگ سے متاثر ہیں۔
قائدآباد، ملیر،گڈاپ، گلشن معمار اور سرجانی ٹاؤن کے مکین بھی گھنٹوں بجلی سے محروم ہیں۔ اورنگی ٹاؤن، بلد یہ ٹاؤن، کیماڑی، لیاقت آباد، ایف سی ایریا اور کریم آباد میں بھی کئی گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔
لیاری، اولڈسٹی ایریا، محمودآباد، منظورکالونی اور اعظم بستی میں طویل لوڈشیڈنگ جاری ہے۔
صارفین کا کہنا ہےکہ رات 12 سے صبح 6 بجے کے دوران بھی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہےکہ کے الیکٹرک 71 فیصد علاقوں میں بلا تعطل بجلی فراہم کررہی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ لوڈشیڈنگ کا شیڈول ویب سائٹ پر موجود ہے، جہاں کنڈے ہیں یا بلوں کی عدم ادائیگی ہے وہاں لوڈ شیڈنگ زیادہ ہے۔