Time 14 مئی ، 2024
پاکستان

پراپرٹی لیکس میں اہلیہ کا نام سامنے آنے پر محسن نقوی کا موقف سامنے آگیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پراپرٹی لیکس میں اہلیہ کا نام سامنے آنے  پر  وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا موقف سامنے آگیا۔

اپنے بیان میں محسن نقوی کا کہنا تھا کہ  اہلیہ کے نام دبئی میں خریدی جائیداد باقاعدہ ڈیکلیئرڈ ہے،  جائیداد کو   جمع کرائے گئے ٹیکس گوشواروں میں بھی ظاہر کیا،  الیکشن کمیشن آف پاکستان میں نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کی حیثیت سے جمع کرائےگئے گوشواروں  میں بھی اس جائیداد کو  ظاہر کیا تھا۔

محسن نقوی کے مطابق  ایک برس قبل جائیداد کو فروخت کر دیا تھا اور  فروخت کردہ جائیداد کی رقم سے چند ہفتے قبل ایک اور پراپرٹی خریدی ہے۔

خیال رہے کہ دبئی میں غیر ملکیوں کی تقریباً 400 ارب ڈالرز کی جائیدادوں کا انکشاف ہوا ہے جس میں پاکستانیوں کی بھی 11 ارب ڈالر کی جائیدادیں شامل ہیں۔

پراپرٹی لیکس میں انکشاف ہوا کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی اہلیہ دبئی میں جائیداد کی مالک ہیں جس کا محسن نقوی نے رواں برس مارچ میں سینیٹ الیکشن کے لیے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی میں ذکر نہیں کیا تھا۔

پراپرٹی لیکس کے ڈیٹا کے مطابق محسن نقوی کی اہلیہ عریبیئن رینچز میں پانچ بیڈ روم وِلا کی مالک ہیں۔ انہوں نے اس وِلا سے کرائے کی مد میں 6 لاکھ درہم یعنی تقریباً 4 کروڑ 50 لاکھ کی آمدنی حاصل کی۔ دی نیوز کی جانب سے دیکھے گئے ریکارڈ کے مطابق یہ وِلا اگست 2017 میں 43 لاکھ 47 ہزار 888 درہم یعنی تقریباً 32 کروڑ 90 لاکھ روپے میں خریدا گیا تھا۔ یہ وِلا اپریل 2023 تک ان کی ملکیت میں رہا اور ریکارڈ کے مطابق اسے 45 لاکھ 50 ہزار درہم یعنی تقریباً34 کروڑ 40 لاکھ روپے میں فروخت کیا گیا۔

چونکہ دی نیوز اور دیگر اداروں کو دستیاب ڈیٹا 2022 تک اپڈیٹڈ تھا اس لیے محسن نقوی کی اہلیہ کا نام اس میں ایک بار آیا تھا، جو کہ مذکورہ بالا معلومات سے متعلق ہے۔ تاہم اگر دبئی کے لینڈ ریکارڈ کو دیکھا جائے تو وہ بعد میں بھی دبئی میں جائیداد کی مالک رہیں۔

اس تحقیقاتی منصوبے کے میڈیا پارٹنر کی جانب سے بھیجے گئے سوالات کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ انہوں نے دبئی میں رواں سال جنوری میں ایک اور جائیداد خریدی تھی جب محسن نقوی پنجاب کے نگران وزیر اعلیٰ تھے۔ 2 ماہ بعد وہ مارچ میں سینیٹ کی نشست کے لیے امیدوار تھے اور انہوں نے اس جائیداد کو ڈیکلیئر نہیں کیا۔ اس بارے میں ایک سوال کے جواب میں محسن نقوی کی اہلیہ نے کہا کہ ’ہم رواں سال کے ٹیکس ڈیکلریشنز اور الیکشن کمیشن کے لیے اسے ڈیکلیئر کردیں گے‘۔

مزید خبریں :