15 مئی ، 2024
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما رضا ربانی نے پی آئی اے کی نجکاری کے حکومتی فیصلے کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا، انہوں نے پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف احتجاج کا بھی اعلان کردیا ہے۔
کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رضا ربانی نے کہا کہ وفاقی وزیر خزانہ کو ایسنشل پالیسی کے حوالے سے معلوم نہیں، اداروں کی نجکاری ایسنشل پالیسی میں آتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کابینہ آئین کے تحت نجکاری کی اجازت دیتی ہے، اس معاملے کو مشترکہ مفادات کونسل کے سپرد کرنا چاہیے، جب تک وہاں سے منظوری نہیں ہوتی اس وقت تک پی آئی اے کی نجکاری غیرآئینی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے اسٹریٹجک اثاثہ ہے، پی آئی اے کا نیشنل سکیورٹی کے حوالے سے کردار رہا ہے مگر ایسا لگتا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ نجکاری کی پالیسی بنائی ہے، نجکاری نے کبھی بھی مثبت نتائج نہیں دیے۔ جہاں نجکاری کی گئی وہ ادارے بند پڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ ہفتے اگلا لائحہ عمل سامنے رکھیں گے، پریس کلب کے سامنے علامتی بھوک ہڑتال کا کیمپ بھی لگائیں گے۔