15 مئی ، 2024
میئرکراچی مرتضی وہاب نے بھی کراچی کی مردم شماری پر عدم اطمینان کا اظہار کردیا ہے۔
جامعہ کراچی میں دو روزہ منیجنگ میگا سٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی کی آبادی کا تعین ٹھیک سے نہیں ہوا، درست آبادی جانے بغیر مسائل حل کرنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
جامعہ کراچی کے پبلک ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے منعقدہ کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب میں میئر کراچی کا کہنا تھا کراچی شہر سے ٹیکس کلیکشن بھی بہت کم ہے، مسائل کے حل کیلئے کراچی کی آبادی کا ٹھیک سے تعین ہونا ضروری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ریڈ لائن منصوبہ مہنگائی کے باعث تاخیر کا شکار ہوا، اس کی تکمیل میں مزید دو سال لگیں گے۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے معروف گلوکار اور سماجی کارکن شہزاد رائے نے میئر کراچی پر زور دیا کہ وہ شہریوں کو صاف پانی کی مفت فراہمی یقینی بنائیں۔
جامعہ کراچی میں منعقدہ اس دو روزہ کانفرنس میں کراچی کو درپیش مختلف مسائل کے حل پر تحقیقی مقالے پیش کیے جائیں گے۔