Time 15 مئی ، 2024
پاکستان

بار بار انٹیلی جنس اداروں کا نام لیا جارہا ہے، اب پگڑی اچھالی تو ڈبل پگڑی اچھالیں گے: فیصل واوڈا

بس بہت ہوگیا اداروں کا نشانہ بنانا بند کریں، اگر اداروں کی کہیں دخل اندازی ہے تو ثبوت دیں ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہوں گے: سابق وزیر کی پریس کانفرنس/ اسکرین گریب
 بس بہت ہوگیا اداروں کا نشانہ بنانا بند کریں، اگر اداروں کی کہیں دخل اندازی ہے تو ثبوت دیں ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہوں گے: سابق وزیر کی پریس کانفرنس/ اسکرین گریب

اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر سینیٹر فیصل واوڈا نے خبردار کیا ہےکہ اب الزام لگانے اور پگڑی اچھالنے والوں کی ڈبل پگڑی اچھالیں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ بار بار انٹیلی جنس  اداروں کا نام لیا جارہا ہے، اب الزام لگانے سے کام نہیں چلے گا، اب اگر کسی نے پگڑی اچھالی تو پگڑی کی فٹبال بنائیں گے اور ڈبل پگڑی اچھالیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آئین و قانون میں کہاں لکھا ہے کہ جنہوں نے قربانی دی ان کا تمسخر اڑایا جائے، بس بہت ہوگیا اداروں کا نشانہ بنانا بند کریں،  اگر اداروں کی کہیں دخل اندازی ہے تو ثبوت دیں ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ججز کو الزامات سے دور ہونا چاہیے، اسلام آباد ہائیکورٹ کو خط لکھے 15 دن ہوگئے لیکن جواب نہیں آیا، کوئی کاغذ اور ثبوت نہیں آرہا جس کی وجہ سے لوگوں میں شک پیدا ہو رہا ہے، امید ہے جلد جواب آئے گا اور جواب لیں گے۔ 

فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ اگر ممبر اسمبلی دوہری شہریت نہیں رکھ سکتا تو جج کیوں رکھے، اگر اسمبلی قانون بناتی ہے تو ہمیں یہ قانون بھی بنانے ہوں گے، سوشل میڈیا کے قوانین بنائیں لیکن سب کے لیے بنائیں، ہمیں کاغذ پر کارروائی اور ثبوت چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک کنسورشیم (جماعت) ہے جو انتشاری ٹولے کو لے کر چل رہی ہے، ماں بہن بیٹی کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ 

بانی پی ٹی آئی کے کل  ویڈیو لنک پر عدالت پیش ہونے کے معاملے پر فیصل واوڈا نےکہا اس پر کچھ نہیں کہوں گا۔ 

مزید خبریں :