17 مئی ، 2024
پاکستان پر عائد فضائی پابندیوں سے متعلق یورپین سیفٹی ایجنسی آیاسا کا تین روزہ اہم اجلاس برسلز میں ختم ہو گیا، پابندیوں کے خاتمہ سے متعلق یورپین یونین کا فیصلہ مئی کے آخر میں متوقع ہے۔
شہری ہوا بازی سے متعلق یورپین یونین کے ادارے آیاسا 14 سے 16 مئی تک تین دن برسلز میں جاری رہنے والے اجلاس میں پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) پر عائد پابندی کے خاتمے اور پاکستانی ائیرلائنز کی پروازوں کی یورپ کیلئے بحالی سے متعلق رپورٹیں پیش کی گئیں۔
اجلاس میں شریک پاکستانی وفد کے رکن نے نمائندہ جیو نیوز کو بتایا کہ آیاسا کے اجلاس میں پاکستانی مؤقف اچھی طرح سنا گیا اور اب پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی پر یورپین یونین کی جانب سے عائد پابندیوں کے خاتمے اور پی آئی اے سمیت پاکستانی ائیرلائنز کی یورپ کیلئے پروازوں کی بحالی سے متعلق یورپین یونین کا فیصلہ طریقہ کار کے مطابق مئی کے آخر میں متوقع ہے۔
وفد کے رکن کا مزید کہنا تھا کہ یورپین یونین کے ادارے آیاسا کے اجلاس میں ہونے والی مزید پیشرفت سے پاکستان پہنچ کر آگاہ کیا جائے گا، سیکرٹری ایوی ایشن کی قیادت میں اجلاس میں شرکت کے بعد پاکستانی وفد واپس وطن روانہ ہو گیا۔