18 مئی ، 2024
پاکستانی امریکن ڈاکٹر آصف محمود امریکا کے عالمی کمیشن برائے مذہبی آزادی کارکن مقرر کردیا گیا ہے، بحثیت سفارت کار وہ مختلف ممالک میں مذہبی آزادی کا جائزہ لیں گے اور حکومت کیلئے پالیسی سفارشات مرتب کریں گے۔
ڈاکٹر آصف محمود کو جس امریکی کمیشن برائے مذہبی آزادی کا رکن بنایا گیا ہے وہ ایسی رپورٹ تیار کرتا ہے جو امریکی صدر، کانگریس اور محکمہ خارجہ کیلئے آنکھوں اور کانوں کا کام کرتی ہیں۔
پلمونولوجسٹ ڈاکٹر آصف محمود کا تعلق کھاریاں سے ہے اور طویل عرصے سے وہ کیلیفورنیا کے رہائشی ہیں جبکہ ڈیموکریٹ پارٹی کے ٹکٹ پر وہ کیلیفورنیا سے کانگریس کا الیکشن بھی لڑچکے ہیں تاہم اس میں انہیں کامیابی نہیں ملی تھی۔
ڈاکٹر آصف محمود امریکا کی نائب صدر کاملا ہیریس اورسابق امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن کے انتہائی قریب سمجھے جاتے ہیں۔ ڈاکٹر آصف محمود سے پہلے خضر خان بھی اس کمیشن کے رکن رہے ہیں۔