Time 18 مئی ، 2024
پاکستان

کرغزستان ہنگامہ آرائی: پاکستانی سفارتخانے نے رابطہ نمبرز جاری کر دیے

طلبہ کی حفاظت یقینی بنانےکےلیے اقدامات کررہےہیں : پاکستانی سفیر/فوٹوبشکریہ غیر ملکی میڈیا
طلبہ کی حفاظت یقینی بنانےکےلیے اقدامات کررہےہیں : پاکستانی سفیر/فوٹوبشکریہ غیر ملکی میڈیا

کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں ہونے والی ہنگامہ آرائی کے پیش نظر پاکستانی سفارتخانے نے طلبہ وطالبات اور دیگر شہریوں کیلئے رابطہ نمبر جاری کر دیے۔

پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایمرجنسی میں 00996555554476 اور00996507567667  پر رابطہ کریں۔

اس حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ ممتاز  زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ کرغزستان میں پاکستان کے سفیر اور ان کی ٹیم ایمرجنسی نمبروں پر موجود ہے، فراہم کردہ دونوں نمبرز  واٹس ایپ پر بھی موجود ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سفیر اور ان کی ٹیم نے اب تک طلبا اور ان کی فیملیزکی سینکڑوں ٹیلی فون کالز کا جواب دیا ہے، کالز ٹریفک زیادہ ہونےسے نمبرز  پر رابطہ نہ ہو سکے تو میسیج یا واٹس ایپ میسیج کر دیں۔

دوسری جانب کرغزستان میں تعینات پاکستانی سفیر علی ضیغم نے کہاکہ حالات معمول پر آنے تک پاکستانی طلبہ گھروں پر رہیں، مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطے میں ہیں، تمام پاکستانی طلباء کی حفاظت یقینی بنانےکےلیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک کے مقامی اور غیر ملکی طلبہ میں جھگڑے کے بعد ہنگامہ آرائی ہوگئی ہے، پاکستانی طلبہ بھی ہنگاموں کی زد میں آگئے اور مشتعل کرغز  طلبہ نے پاکستانی طلبہ کے ہاسٹلز  پر حملے کردیے، متعدد طلبہ کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق مظاہرین کے حملوں میں 3 پاکستانی طالب علموں کی ہلاکت ہو چکی ہے تاہم جیو نیوز ان ہلاکتوں کی تصدیق نہیں کر سکتا۔

مشتعل کرغز طلبہ کی جانب سے پاکستانی نوجوانوں کے ہاسٹلز پر حملے کرکے توڑ پھوڑ کی گئی اور پاکستانی طالبات کو بھی ہراساں کیا جا رہا ہے جس پر پاکستانی طلبہ تشویش کا شکار ہوگئے ہیں۔

جیو نیوز سے خصو صی گفتگو میں پاکستانی طلبہ نے کہا کہ ہاسٹل میں لڑکوں اور لڑکیوں پر تشدد کیا گیا ہے، طلبہ نے پاکستان سفارت خانے کی جانب سے عدم تعاون کی بھی شکایت کی ہے۔

مزید خبریں :