19 مئی ، 2024
اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر امیر مقام کا دورہ کرغزستان اچانک ملتوی ہو گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں پاکستان طالبعلموں پر تشدد کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اور طلباء کی وطن واپسی کے اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور امیر مقام کو فوری طور پر بشکیک پہنچنے کی ہدایت کی تھی۔
ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار اور امیر مقام نے آج لاہور سے بشکیک کے لیے روانہ ہونا تھا تاہم اچانک دونوں کا دورہ کرغزستان ملتوی ہو گیا۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور امیر مقام کچھ دیر بعد وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کریں گے۔
نائب وزیراعظم اور وفاقی وزیر نے کرغزستان میں پاکستانی طلباء اور متعلقہ حکام سے ملاقاتیں کرنی تھیں اور کرغز حکام کے ساتھ پاکستانی طلباء کی سکیورٹی اور زخمیوں کو علاج و معالجے کی سہولیات سے متعلق تبادلہ خیال بھی کرنا تھا۔
یاد رہے کہ کرغزستان میں ہونے والے پرتشدد واقعات میں پاکستانی طلبہ و طالبات کو نشانہ بنایا گیا تھا جس کے باعث وہاں موجود پاکستانی طالبعلم خوف و ہراس کا شکار ہیں اور چھپ کر رہنے پر مجبور ہیں۔
گزشتہ روز 30 طالبعلموں سمیت 140 پاکستانیوں کو لیکر غیر ملکی پرواز بشکیک سے لاہور پہنچی تھی جبکہ آج بھی ایک پرواز نے پاکستانی طالبعلموں کو لیکر آنا ہے۔