پاکستان

پاکستانی طلبا پر حملے، شہباز شریف کا نائب وزیراعظم اسحاق ڈارکو کرغزستان بھیجنےکا فیصلہ

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستانی طلبا  پر حملوں کے معاملے پر وزیر اعظم شہباز شریف نے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار  کو  کرغزستان بھیجنے کا  فیصلہ کیا ہے، ان کے  ہمراہ وفاقی وزیر امیر مقام بھی کرغزستان جائیں گے۔

دونوں وزراء کل صبح خصوصی طیارے کے ذریعے بشکیک روانہ ہوں گے، وزیر خارجہ بشکیک میں اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے،وزیرخارجہ زخمی طلباء کو علاج کی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائیں گے اور پاکستانی طلبا کی وطن واپسی کےمعاملات کا جائزہ لیں گے۔

وزیرِ اعظم  شہباز شریف کا کہنا ہے کہ کرغزستان میں غیر ملکی طلبا مخالف فسادات پر گہری تشویش ہے، مشکل وقت میں پاکستان کے بیٹے اور  بیٹیوں کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے ۔

وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ پاکستانی سفارتخانہ زخمی طلبا کو علاج و معالجے کی بہترین سہولیات میں معاونت یقینی بنائے اور جو طلبا پاکستان آنا چاہیں  سرکاری خرچ  پر ان کی فوری  واپسی یقینی بنائیں۔

وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ طلبا اور والدین کے درمیان رابطے کے لیے سفارتخانہ ہر قسم کی معاونت فراہم کرے۔

خیال رہے کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں بلوائیوں کی جانب سے پاکستانی اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے طالب علموں پر  حملوں میں 14 افراد زخمی ہوئے تھے۔ 

کرغزستان میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں بشکیک میں دیگر ممالک کے طالب علموں پر حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ کرغز حکومت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ حملوں میں کسی پاکستانی کی ہلاکت نہیں ہوئی۔

مزید خبریں :