19 مئی ، 2024
میٹا کی جانب سے انسٹاگرام میں ایک نئے فیچر پیک کو متعارف کرایا جا رہا ہے۔
یہ فیچر واٹس ایپ کے ویو ونس سے ملتا جلتا ہے جس میں میسج کو ایک بار ہی دیکھا جا سکتا ہے۔
مگر انسٹاگرام میں یہ فیچر ذرا مختلف ہوگا اور اس کے تحت ایسی تصاویر کو ہی پوسٹ کیا جاسکے گا جو ایڈٹ شدہ نہیں ہوں گی۔
واٹس ایپ کا ویو ونس فیچر بھی اسنیپ چیٹ کے ایک فیچر کی نقل تھا جس کے تحت ایسا مواد دوستوں کے ساتھ شیئر کیا جاتا ہے جو ایک بار دیکھے جانے کے بعد خودکار طور پر ڈیلیٹ ہو جاتا ہے۔
انسٹاگرام پیک کے لیے میٹا نے اسنیپ چیٹ کے ساتھ ساتھ بی رئیل نامی ایک اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے فیچر کو نقل کیا ہے۔
بی رئیل کے فیچر کے تحت ایڈٹ کیے بغیر تصاویر کو پوسٹ کیا جاتا ہے۔
کمپنی کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ اس فیچر کی آزمائش ابھی اندرونی طور پر کی جا رہی ہے اور یہ اسٹوریز سے ہٹ کر ہے۔
انسٹاگرام اسٹوریز کا دورانیہ 24 گھنٹے کا ہوتا ہے جبکہ پیک میں صرف ایسی تصاویر کو ہی شیئر کیا جاسکے گا جو اسی وقت کیمرے سے کھینچی جائیں گی، یعنی گیلری میں موجود تصاویر کو اپ لوڈ کرنا ممکن نہیں ہوگا۔
اسی طرح ان تصاویر کو ایڈٹ نہیں کیا جاسکے گا یا کسی فلٹر کا اضافہ کرنا بھی ممکن نہیں ہوگا۔
کمپنی کو توقع ہے کہ اس سے صارفین اپنی زندگی کے چھوٹے چھوٹے لمحات پیاروں کے ساتھ شیئر کریں گے اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم میں نئی طرح کا مواد دیکھنے میں آئے گا، جس سے بی رئیل سے مقابلہ کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ ابھی اس فیچر کی آزمائش کمپنی کے اندر کی جا رہی ہے تو ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ اسے کب تک تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔