Time 20 مئی ، 2024
دنیا

ایرانی صدر کا ہیلی کاپٹر کہاں گرا؟ حادثے کے مقام کی ویڈیو سامنے آگئی

ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے کے مقام کی ابتدائی فوٹیج سامنے آگئی۔

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ تبریز شہر سے 100 کلو میٹر دور مشرقی آذر بائیجان صوبے میں پیش آیا، حادثے کے وقت ہیلی کاپٹر میں ایران کے وزیر خارجہ حسین عامر عبد الہیان، گورنر تبریز اور ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے ترجمان سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی سوار تھے۔

ایرانی میڈیا نے ہیلی کاپٹر حادثے میں صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین عامر عبدالہیان اور گورنر تبریز کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی نے ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے کے مقام کی فوٹیج بھی جاری کر دی ہے جس میں ہیلی کاپٹر کو دیزمر کے جنگلات میں تباہ حالت میں دیکھا جا سکتا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کریش ہونے کے مقام پر ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا ہے اور ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ تک پہنچ گئی ہیں۔

ایرانی میڈیا رپورٹس میں ایرانی ہلال احمر کے سربراہ کے حوالے سے یہ بھی بتایا ہے کہ ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہونے والے کچھ افراد کی لاشیں جلنے کی وجہ سے ناقابل شناخت ہو گئی ہیں۔


مزید خبریں :