Time 20 مئی ، 2024
کاروبار

وفاقی حکومت کیسے اپنے اخراجات کم کریگی؟ آئی ایم ایف کو پلان پیش

وفاقی حکومت ایک سال میں 300 ارب روپے سے زائد کے اخراجات کم کرےگی: ذرائع۔ فوٹو فائل
 وفاقی حکومت ایک سال میں 300 ارب روپے سے زائد کے اخراجات کم کرےگی: ذرائع۔ فوٹو فائل

اسلام آباد: پاکستان نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو اخراجات کم کرنے کا پلان پیش کر دیا۔

ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ کی جانب سے آئی ایم ایف کو پیش کیے گئے پلان میں بتایا گیا ہے کہ وفاقی حکومت ایک سال میں 300 ارب روپے سے زائد کے اخراجات کم کرےگی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ وفاقی وزارتوں کی طرف سے نئی گاڑیاں خریدنے پر مکمل پابندی رہے گی، ایک سال سے خالی گریڈ 1 سے 16 کی تمام پوسٹوں کو ختم کر دیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت صوبوں کے ترقیاتی منصوبوں میں فنڈنگ نہیں کرے گی، وفاقی حکومت صرف اہم اور قومی نوعیت کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے وسائل دے گی، انفرا اسٹرکچر کے منصوبے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کیے جائیں گے۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق وفاقی حکومت کوئی نئی یونیورسٹی قائم نہیں کرے گی، صوبائی حکومتیں اپنے ماتحت آنے والی جامعات کی خود فنڈنگ کریں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال سے دفاع اور پولیس کے علاوہ نئی بھرتیوں کیلئے رضاکارانہ پنشن اسکیم پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ آئی ایم ایف نے پاکستان کو پنشن سسٹم کا جائزہ لینے کی ہدایت کر رکھی ہے۔

ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ اخراجات میں کمی کے لیے آئندہ مالی سال سے اراکین اسمبلی کی ترقیاتی اسکیموں پر مکمل پابندی کا بھی امکان ہے۔

مزید خبریں :