دنیا

سربراہان مملکت اور معروف سیاسی شخصیات جن کی موت فضائی حادثے میں ہوئی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

گزشتہ روز  ایران کے صدر  سید  ابراہیم رئیسی  ایران کے  صوبے مشرقی آذربائیجان  میں ہیلی کاپٹر  حادثے کا  شکار  ہوکر  جاں بحق ہوگئے۔ 

ایرانی صدر کے ساتھ ہیلی کاپٹر میں ایرانی وزیر خارجہ، سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے ترجمان اور مشرقی آذربائیجان صوبے کے گورنر بھی ہیلی کاپٹر میں سوار تھے جو اس حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔

سید ابراہیم رئیسی— فوٹو: رائٹرز
سید ابراہیم رئیسی— فوٹو: رائٹرز

ایرانی صدر کا  ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونا کسی سربراہ مملکت، سربراہ حکومت یا کسی اہم سرکاری شخصیت کی فضائی حادثے میں ہلاکت کا پہلا واقعہ نہیں ہے بلکہ تاریخ میں ایسے کئی واقعات رونما ہوچکے ہیں۔ 

ذیل میں فضائی حادثے میں ہلاک ہونے والی کچھ اہم شخصیات کا ذکر دیا جارہا ہے۔

لیخ کاچینسکی

پولش صدر

لیخ کاچینسکی—فوٹو: رائٹرز
لیخ کاچینسکی—فوٹو: رائٹرز

فضائی حادثے میں ہلاک ہونے والے سربراہان مملکت میں ایک نام پولش صدر لیخ کاچینسکی کا بھی ہے۔ 

10 اپریل 2010 کو پولش صدر  اپنے  وفد کے ہمراہ  روس جا رہے تھے کہ  روس کی  سمولنسک  ائیر بیس پر لینڈنگ کے وقت ان کا جہاز کریش کرگیا۔ اس حادثے میں پولش صدر، ان کی اہلیہ  اور   وفد کے دیگر 94 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

اس وقت کے روسی وزیر اعظم  ولادیمیر پیوٹن کی سربراہی میں بننے والی تحقیقاتی کمیٹی نے پائلٹ کی غلطی کو حادثے کی وجہ قرار دیا تھا۔ 

جنرل ضیا الحق

صدرِ پاکستان

جنرل ضیا الحق
جنرل ضیا الحق

فضائی حادثے میں وفات پانے والی شخصیات میں ایک بڑا نام اس وقت کے صدر پاکستان جنرل ضیا الحق کا بھی ہے۔

17 اگست 1988کو جنرل ضیا الحق اپنے سی 130 جہاز میں پرواز کررہے تھے کہ ان کا جہاز بہاولپور سے کچھ فاصلے پر دریائے ستلج کے قریب گرکر تباہ ہوگیا۔ 

جنرل ضیا الحق کے ساتھ جہاز میں جوائنٹ چیف اسٹاف کمیٹی جنرل اختر عبدالرحمان اور  پاکستان میں امریکی سفیر آرنلڈ رافیل سمیت 29 افراد سوار  تھے۔ 

سنجے گاندھی

بھارتی سیاستدان

سنجے گاندھی— فوٹو: بھارتی میڈیا
سنجے گاندھی— فوٹو: بھارتی میڈیا

سابق بھارتی وزیر اعظم اندرا گاندھی کے بیٹے سنجے گاندھی  23 جون 1980 کو فضائی حادثے میں ہلاک ہوئے۔

سنجے گاندھی جہاز خود اڑا رہے تھے جو دہلی کے صفدر جنگ ائیر پورٹ کے نزدیک حادثے کا شکار ہوا۔ 

رشید کرامی

لبنانی وزیر اعظم

رشید کرامی— فوٹو: فائل
رشید کرامی— فوٹو: فائل

یکم جون 1987 کو لبنانی وزیر اعظم رشید کرامی پرواز کے دوران اپنے ہیلی کاپٹر میں ہونے والے بم دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق ہوئے۔

اس حادثے میں صرف لبنانی وزیر اعظم کی ہی ہلاکت ہوئی جبکہ  ہیلی کاپٹر میں سوار دیگر افراد زخمی ہوئے۔ 

جنرل بپن راوت

بھارتی چیف آف جنرل اسٹاف

جنرل بپن راوت— فوٹو: رائٹرز
جنرل بپن راوت— فوٹو: رائٹرز

بھارتی چیف آف جنرل اسٹاف جنرل بپن راوت 8 دسمبر 2021 کو ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہوئے۔ 

بھارتی ریاست تامل ناڈو میں پیش آنے وال اس واقعے میں جنرل پبن راوت اور ان کی اہلیہ سمیت 13 افراد ہلاک ہوئے۔

حکومت کی جانب سے کی جانے والے تحقیقات میں بتایا گیا کہ ہیلی کاپٹر حادثہ موسم میں آنے والی اچانک تبدیلی کے باعث پیش آیا۔  

عبدالسلام عارف

عراقی صدر

عبدالسلام عارف— فوٹو: فائل
عبدالسلام عارف— فوٹو: فائل

عراق کے دوسرے صدر عبدالسلام عارف 13 اپریل 1966 کو  فضائی حادثے میں جاں بحق ہوئے، ان کا طیارہ بصرہ کے قریب حادثے کا شکار ہوا۔

عبد السلام عارف کی ہلاکت کے بعد ان کے بھائی عبد الرحمان عارف ملک کے صدر بنے۔

داگ ہمارشولد

سیکرٹری جنرل، اقوام متحدہ

داگ ہمارشولد— فوٹو: فائل
داگ ہمارشولد— فوٹو: فائل

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل داگ ہمارشولد 18 ستمبر 1961 کو فضائی حادثے میں ہلاک ہوئے۔

داگ ہمارشولد ایک امن مشن پر کانگو میں تھے جہاں ان کا ڈگلس ڈی سی 6 طیارہ تباہ ہوا جس میں داگ ہمارشولد سمیت 15 افراد ہلاک ہوگئے۔

رونلڈ براؤن

امریکی وزیر تجارت

رونلڈ براؤن— فوٹو: فائل
رونلڈ براؤن— فوٹو: فائل

امریکی صدر بل کلنٹن کے دور حکومت میں امریکا کے وزیر تجارت رونلڈ براؤن بھی فضائی حادثے میں ہلاک ہوئے۔ 

3 اپریل 1996 کو رونلڈ براؤن سرکاری دورے پر کروشیا جارہے تھے کہ کروشیا میں لینڈنگ کے دوران ان کا طیارہ حادثے کا شکار ہوا۔

اس حادثے میں رونلڈ براؤن سمیت جہاز میں سوار 35 افراد ہلاک ہوگئے۔ 

مزید خبریں :