Time 21 مئی ، 2024
پاکستان

صحافی برادری نے پنجاب اسمبلی سے ہتک عزت بل کی منظوری کیخلاف احتجاج کا اعلان کردیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پنجاب اسمبلی میں ہتک عزت بل منظور ہونے کے بعد پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس اور کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز نے بل کو مسترد کرتے ہوئے آج ملک گیر احتجاج کا اعلان کردیا ہے۔

لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے پنجاب اسمبلی سے منظور ہونے والے ہتک عزت بل کے خلاف احتجاج اور دھرنا دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سن لے اس کا ابھی ہنی مون بھی پورا نہیں ہوا، جتنے مرضی کالے قوانین بنا لیں لیکن یہ قانون نہیں چلے گا۔

اسمبلی کے باہر گفتگو کرتے ہوئے صدر لاہور پریس کلب نے کہا یہ بل جمہوری نہیں، بل کے خلاف جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا دوبارہ اجلاس ہوگا جس میں نئے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ حکومت پانچ ماہ بھی چلنے والی نہیں یہ اسمبلی بھی نہیں چلے گی، حکومت اپوزیشن میں ہو تو آزادی صحافت کی چیمپئن بنتی ہے یہ سیاست نہیں، سرکس ہے، تماشا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس بل کے خلاف صحافتی تنظیمیں ایک پلیٹ فارم پر ہیں، ہم پنجاب اسمبلی کے باہر بھی دھرنا دیں گے۔

دوسری جانب پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ و سیکرٹری جنرل ارشد انصاری نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے تمام میڈیا اسٹیک ہولڈرز کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوے رات کی تاریکی میں ہتک عزت بل منظور کیا۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ پریس کلب کو تالا لگا کر بلوچستان حکومت نے میڈیا کو دبانے کی مذموم حرکت کی، جس کے خلاف پی ایف یو جے کی اپیل پر 21 مئی بروز منگل پورے ملک میں احتجاج کیا جائے گا۔

کونسل پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز(سی پی این ای) نے بھی پنجاب اسمبلی سے منظور ہونے والے ہتک عزت بل کو کالا قانون قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔

سی پی این ای نے نوٹ کیا کہ بل پیش کرنے سے پہلے پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے صحافتی تنظیموں کا اجلاس بلایا تھا اور ان سے وعدہ کیا تھا کہ یہ بل اگلے پیر تک کیلئے مؤخر کرکے مزید بامقصد مشاورت کی جائے گی مگر ایسا نہیں ہوا۔

مزید خبریں :