Time 21 مئی ، 2024
پاکستان

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی المناک موت پر سندھ اسمبلی میں تعزیتی قرارداد منظور

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی المناک موت پر سندھ اسمبلی میں تعزیتی قرارداد منظور کرلی گئی۔

ایرانی صدر اور ان کے رفقا کی حادثاتی موت پر سندھ اسمبلی میں بھی سوگ طاری رہا، اجلاس کے دوران ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ صوبائی وزیر داخلہ ضیاالحسن النجار نے تعزیتی قرارداد پیش کی جس میں کہا گیا کہ صوبائی ایوان برادر ملک کے عوام اور شہدا کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہے۔

اجلاس میں  وزیراعلیٰ سندھ، اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی، صوبائی وزرا اور دیگر ارکان اسمبلی نے بھی ایرانی صدر کو خراج عقیدت پیش کیا۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ایرانی صدر کے حالیہ دورہ پاکستان کے موقع پر سندھ کے لوگوں کے ساتھ گذارے لمحات ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے ایران سے اس وقت بات کی جب کوئی ان سے بات نہیں کرتا تھا تب انہوں نے وہاں جا کر گیس پائپ لائن کا افتتاح کیا تھا۔

سینئیر وزیر شرجیل انعام میمن اور اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی نے بھی حادثے کو امت مسلمہ کا بڑا نقصان قرار دیا جبکہ اجلاس میں شریک تمام ارکان نے ایرانی صدر کے انتقال پر افسوس اور ایرانی عوام سے اظہار یکجہتی کیا۔

مزید خبریں :