Time 21 مئی ، 2024
دلچسپ و عجیب

سونے سے بھی زیادہ قیمتی اس پر کی قیمت آپ کو دنگ کر دے گی

یہ دنیا کا سب سے مہنگا پر ہے / فوٹو بشکریہ Webbs
یہ دنیا کا سب سے مہنگا پر ہے / فوٹو بشکریہ Webb's

اوپر موجود پر کو دیکھیں اور اندازہ لگائیں کہ اس کی قیمت کیا ہو سکتی ہے؟

یقین کرنا مشکل ہوگا مگر ایک قدیم پرندے کا یہ پر 28 ہزار 365 ڈالرز (79 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) میں نیلام ہوا ہے۔

جی ہاں واقعی نیوزی لینڈ کے ہویا نامی پرندے کے اس پر نے دنیا کے سب سے مہنگے پر کا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔

یہ پرندہ کافی عرصے قبل ناپید ہو چکا ہے اور جب یہ پر نیلامی کے لیے پیش کیا گیا تو خیال تھا کہ 2 سے 3 ہزار ڈالرز میں فروخت ہوگا۔

مگر نیلامی کے دوران اس نے 2010 میں قائم ہونے والے 8400 ڈالرز کے ریکارڈ کو توڑ دیا۔

وہ ریکارڈ بھی ہویا پرندے کے ایک پر نے ہی بنایا تھا۔

اس پرندے کی نسل 1920 کی دہائی می ںاپید ہوگئی تھی / فوٹو بشکریہ Webbs
اس پرندے کی نسل 1920 کی دہائی می ںاپید ہوگئی تھی / فوٹو بشکریہ Webb's

اب جو پر نیلام کیا گیا ہے اس کا وزن 9 گرام ہے اور اس طرح یہ سونے سے بھی زیادہ قیمتی بن گیا ہے۔

ایک گرام سونے کی قیمت 127 ڈالرز ہے جبکہ پر کے ایک گرام کی قیمت 5169 ڈالرز بنی۔

یہ پرندہ اپنی چہچہاہٹ کے لیے مشہور تھا اور اس کی دم میں سیاہ و سفید چمکیلے پر موجود ہوتے تھے۔

اسے آخری بار 1907 میں دیکھا گیا تھا مگر سائنسدانوں کے خیال میں 1920 کی دہائی میں اس کی نسل کا خاتمہ ہوا۔

اس پر کو نیوزی لینڈ کے ایک آکشن ہاؤس نے فروخت کیا، مگر اسے نیوزی لینڈ سے حکومتی اجازت کے بغیر باہر لے جانا ممکن نہیں ہوگا۔

آکشن ہاؤس کی جانب سے پر کو خریدنے والے کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں، بس یہ بتایا گیا کہ وہ فرد نیوزی لینڈ سے ہی تعلق رکھتا ہے۔

مزید خبریں :