Time 22 مئی ، 2024
دنیا

غزہ: اسپتال پر اسرائیلی حملےکے بعد مریضوں اور عملےکی جان بچا کر بھاگنےکی ویڈیو

غزہ: شمالی غزہ میں قائم کمال عدوان اسپتال گزشتہ روز  اسرائیلی حملوں کا نشانہ بنا، جس کے بعد عملے اور مریضوں کے اسپتال خالی کرنے کی ویڈیو سامنے آئی ہے۔ 

غیر ملکی خبررساں ایجنسی رائٹرز کی جانب  سے جاری کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہےکہ طبی عملے کے افراد  اور مریض خوف کے عالم میں اسپتال سے باہر جا رہے ہیں جبکہ شدید بیمار  اور  بزرگ مریضوں کو اسٹریچر  کے ذریعے تباہ حال سڑکوں سے گزار کر ایمبولینسوں تک لے جایا جارہا ہے۔

کمال عدوان اسپتال کے سربراہ ڈاکٹر حسام ابو سفیہ کا کہنا تھا کہ پہلا میزائل ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کے داخلی دروازے پر لگا، جب ہم نے عمارت میں داخلے کی کوشش کی تو  دوسرا  میزائل  آکر گرا  اور  پھر  تیسرا  میزائل ایک قریبی عمارت پر  آکر گرا۔

عرب میڈیا نے فلسطینی وزارت صحت کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ حملے کے وقت کمال عدوان اسپتال میں طبی عملے کے تقریباً 150 افراد اور  درجنوں مریض موجود تھے جن میں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں موجود مریض اور انکیوبیٹرز میں موجود نوزائیدہ بچے بھی شامل تھے۔

عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ کمال عدوان اسپتال شمالی غزہ میں جزوی طور پر فعال اسپتالوں میں سب سے بڑا اسپتال ہے اور  یہ وہ واحد اسپتال ہے جہاں ڈائیلیسس  کی سہولیات موجود ہیں۔

اسرائیلی فوج کا واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ واقعے کی تحقیقات کررہی ہے۔

مزید خبریں :