فیکٹ چیک: لاہور جم خانہ سرکاری اراضی کے لیے صرف 417 روپے ماہانہ کرایہ ادا کر رہا ہے

1,133 کنال ، ایک مرلہ اور 80 مربع فٹ کا رقبہ 2050 تک 5,000 روپے سالانہ کرایہ پر لیز پر دیا گیا ہے۔

پنجاب اسمبلی کے حالیہ اجلاس کے دوران ایک رکن اسمبلی نے الزام لگایا کہ صوبائی دارالحکومت میں سرکاری رقبہ پر تعمیر کردہ ایک پرائیویٹ کلب، لاہور جم خانہ، کرایہ کے طور پر 417 روپے ماہانہ ادا کر رہا ہے۔

دعویٰ درست ہے۔

دعویٰ

15 مئی کو حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی (MPA) نے پنجاب اسمبلی میں بیان دیا کہ لاہور میں اپر مال پرانتہائی قیمتی سرکاری اراضی پر قائم لاہور جم خانہ کلب ریاست کو صرف 417 روپے ماہانہ بطور لیز ادا کرتا ہے۔

تحریک التواء  کے بعد پنجاب اسمبلی کے اسپیکر نے صوبائی وزیر خزانہ و پارلیمانی امور کو اس دعویٰ کے درستگی کی تصدیق کرنے کی ہدایت کی۔

حقیقت

پنجاب حکومت کی جانب سے اس وقت کے ڈپٹی کمشنر لاہور اور لاہور جم خانہ کلب کے سیکرٹری کے درمیان 1996 میں لیز کے معاہدے پر دستخط ہوئے، جس کے تحت 1,000 کنال سے زائد سرکاری اراضی 50 سال کے لیے 5,000 روپے سالانہ کرایہ پر لیز پر دی گئی، جو کہ 417 روپے ماہانہ بنتا ہے۔

معاہدے میں لکھا گیا ہے کہ ”کرایہ پر لینے والا (Leasee ) 5,000 روپے سالانہ کے ٹوکن ریٹ پر کرایہ ادا کرے گا،“ معاہدے میں یہ بھی کہا ہے کہ کرایہ دار زمین کے لیے تمام قابل اطلاق ٹیکس ادا کرنے کا ذمہ دار ہے۔

معاہدے میں مزید کہا گیا ہے کہ ”کرایہ دار مذکورہ زمین پر جم خانہ کلب قائم کرے گا تاکہ پبلک سیکٹر میں سہولیات فراہم کی جاسکیں۔“

لیز 2000 سے لاگو ہے اور 2050 تک رہے گی۔

1996 میں لاہور جم خانہ اور پنجاب حکومت کے درمیان لیز معاہدہ کا ایک اسکرین شاٹ، جو 2050 تک موثر ہے۔
1996 میں لاہور جم خانہ اور پنجاب حکومت کے درمیان لیز معاہدہ کا ایک اسکرین شاٹ، جو 2050 تک موثر ہے۔

اس حقیقت کی تصدیق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے دفتر سے 26 اگست 2020 کو کلب کو سال 2011 کے بعد کرایہ کی عدم ادائیگی کے حوالے سے ایک نوٹس سے ہوئی، جس میں 1,133 کنال، ایک مرلہ اور 80 مربع فٹ رقبہ کو 2050 تک 5,000روپے سالانہ کرایہ پر لیز کی شرائط کا اعادہ کیا گیا تھا۔

اس کے علاوہ، ان معلومات سے آگاہ ریونیو کے ایک سینئر اہلکار نے جیو فیکٹ چیک کو لیز معاہدہ کی صداقت کے ساتھ آج تک” موثر“ ہونے کی بھی تصدیق کی۔

پنجاب میں وزیر خزانہ نے جیو فیکٹ چیک کی جانب سے بار بار تبصرے کی درخواستوں کا جواب نہیں دیا۔

جیو فیکٹ چیک نےجب لاہور جم خانہ کلب کی انتظامیہ سے رابطہ کیا تو کہا گیا کہ کلب کا اکاونٹس ڈیپارٹمنٹ اس بارے میں بتا سکتا ہے۔ اکاونٹس ڈیپارٹمنٹ نے جواب دیا کہ یہ ”خفیہ معلومات“ ہیں، لیکن بعد میں فراہم کی جا سکتی ہیں۔

ہمیں@GeoFactCheck پر فالو کریں۔

اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔