23 مئی ، 2024
پشاور: خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا (کے پی) علی امین گنڈا پور کو مدعو نہ کرنےکو صوبائی مشیر خزانہ مزمل اسلم نے عوامی مینڈیٹ کی توہین قرار دیا ہے۔
اپنے ردعمل میں مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ اپیکس کمیٹی اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو نہ بلانا بغض ہے۔
مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور کو اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں نہ بلانا عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے۔
ترجمان کے پی حکومت بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی جعلی فارم 47 حکومت خیبر پختونخوا سے تعصب کی انتہا کو پہنچ گئی ہے، ایس آئی ایف سی کے اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو مدعو نہیں کیا گیا جب کہ دیگر صوبوں کے وزرائے اعلیٰ مدعو ہیں۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ جعلی فارم 47 حکومت ملک کو صوبائیت کی طرف دھکیل رہی ہے، قدرتی وسائل سے مالا مال صوبے کی قسمت کا فیصلہ وزیراعلیٰ کی غیر موجودگی میں قبول نہیں، خیبر پختونخوا حکومت اس متعصبانہ اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔