25 مئی ، 2024
پاکستانی شوبز انڈسٹری سمیت ہالی وڈ میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے والے پاکستانی اداکار فاران طاہر نے اپنے معاوضے کے حوالے سے انکشاف کیا ہے۔
حال ہی میں فاران طاہر اپنے والد نسیم طاہر کے ہمراہ ایک نجی میڈیا کے پروگرام میں شریک ہوئے جس دوران میزبان نے ان سے ہالی وڈ فلموں میں لیے گئےاوسط معاوضے سے متعلق سوال کیا۔
اس کے جواب میں فاران طاہر نے بتایاکہ ان کا معاوضہ فلم کے بجٹ پر منحصر ہوتا ہے، اگر فلم ایک بڑے بجٹ کے ساتھ تیار کی گئی ہو تو وہ اس فلم کے بجٹ کا 1 سے2 فیصد معاوضہ لیتے ہیں۔
ہالی وڈ فلم اسکیپ کی شوٹنگ کے حوالے سے مزیدار قصہ بتاتے ہوئے فاران طاہر نے کہا کہ اسٹالون اور شوارزنیگر بطور اداکار اتنے پروفیشنلز ہیں کہ دونوں نے ایک سین ریکارڈ کروانے کیلئے 35 مرتبہ سیڑھیاں چڑھیں کیوں کہ اس سین میں اداکاروں کو عمارت کی 4 منزلوں پر چڑھنا تھا اور جب ان 35 ری ٹیک کے دوران دونوں اداکاروں کے پیروں نے ساتھ چھوڑدیا تو انہوں نے درد کش انجیکشن لگوالیے لیکن سین اسی روز ریکارڈ کروایا۔
واضح رہے کہ فاران طاہر ہالی وڈ میں اب تک اسکیپ پلان، ایف بی آئی، امریکن کرائم اور آئرن مین جیسی فلموں میں کام کرچکے ہیں۔
فاران طاہر ہالی وڈ اسٹارز آرنلڈ شوارزنیگر، سلویسٹر اسٹالون اور رابرٹ ڈاؤنی جونیئر کے اچھے دوست اورساتھی اداکار بھی ہیں۔