کھیل

پاکستان اسپورٹس بورڈکا جناح فٹبال اسٹیڈیم کی لائٹس کی جائزہ رپورٹ ماننے سے انکار

پاکستان اسپورٹس بورڈکا جناح فٹبال اسٹیڈیم کی لائٹس کی جائزہ رپورٹ ماننے سے انکار
فوٹو: فائل

پاکستان اسپورٹس بورڈ نے اسلام آباد کے جناح فٹبال اسٹیڈیم کی لائٹس کے حوالے سے پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کی جانب سے کرائی گئی جائزہ رپورٹ کو ماننے سے انکار کرتے ہوئے لائٹس چیک کرنےکے لیے آزاد تجزیہ کرانے کی پیشکش کردی۔

اسلام آباد کے جناح فٹبال اسٹیڈیم میں 6  جون کو  پاکستان اور  سعودی عرب کے درمیان فیفا ورلڈکپ کوالیفائر  میچ کھیلا جانا ہے لیکن اسٹیڈیم پر لگائی جانے والی لائٹس کے معیار  پر سوالیہ نشان ہے۔

پی ایف ایف نے ایک پرائیوٹ کمپنی سے لائٹس کا لیول چیک کرایا جس کے بعد پاکستان اسپورٹس بورڈ کو  آگاہ کیا کہ لائٹس فیفا کے طے شدہ  معیار سے کم ہے۔

پی ایف ایف کی رپورٹ میں نشاندہی کی گئی تھی کہ لائٹس میں عدم تسلسل ہے اور گول پوسٹ کے اطراف میں روشنی کم ہے تاہم  پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے پی ایف ایف کو بھیجے گئے خط میں دعویٰ کیا گیا ہےکہ اس کی اپنی کرائی جانی والی ٹیسٹنگ کے مطابق گراؤنڈ میں لائٹس 1600 سے 2650 کے درمیان رہی ہے۔

اے ایف سی اور فیفا قوانین کے مطابق گراؤنڈ پر عمودی لکس کم از کم 1200 جب کہ غیر عمودی لکس 2400 متوازی طور پر ہونا چاہیے۔ پاکستان اسپورٹس بورڈ  نے پی ایف ایف سے کہا ہے کہ وہ فیفا اور  اے ایف سی کا معیار شیئر کرے جس کی بنیاد پر  ایک  آزاد کمپنی  سے دوبارہ روشنی کے معیار کو  ٹیسٹ کرایا جائےگا اور اگر ضرورت پڑی تو اس کو بہتر کردیا جائےگا ۔

خط میں پاکستان اسپورٹس بورڈ  نے پی ایف ایف کو مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔

مزید خبریں :