Time 26 مئی ، 2024
سائنس و ٹیکنالوجی

ایلون مسک ایک سپر کمپیوٹر تیار کرنے کے خواہشمند

ایلون مسک ایک سپر کمپیوٹر تیار کرنے کے خواہشمند
ایلون مسک / اے ایف پی فائل فوٹو

ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے مالک ایلون مسک ایک ایسا سپر کمپیوٹر تیار کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں جو ان کے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) چیٹ بوٹ گروک کو پاور فراہم کرے گا۔

ایک رپورٹ کے مطابق ایلون مسک کی جانب سے سرمایہ کاروں کو بتایا گیا کہ ان کی کمپنی ایکس اے آئی اس سپر کمپیوٹر کو تیار کرنے پر کام کر رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ سپر کمپیوٹر 2025 کی آخری سہ ماہی تک کام کرنے لگے گا اور اس مقصد کے لیے ایکس اے آئی کی جانب سے اوریکل کمپنی سے شراکت داری کی جائے گی۔

ایلون مسک کی جانب سے گروک کے اپ ڈیٹ ماڈل پر بھی کام کیا جار ہا ہے جس کے لیے 20 ہزار Nvidia H100 GPUs کو استعمال کیا جائے گا۔

ایلون مسک نے 2023 میں ایکس اے آئی کو قائم کیا تھا تاکہ اوپن اے آئی اور گوگل کو اس شعبے میں ٹکر دی جا سکے گی۔

اوپن اے آئی وہ کمپنی ہے جس کے وہ شریک بانی ہیں، مگر 2018 میں انہوں نے اوپن اے آئی سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔

اس علیحدگی کی وجہ کمپنی کی انتظامیہ سے اے آئی ٹیکنالوجی کے محفوظ ہونے کے حوالے سے تنازعات تھے۔

خیال رہے کہ ایلون مسک عرصے سے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کو انسانیت کو لاحق سب سے بڑے خطرات میں سے ایک قرار دیتے آرہے ہیں۔

مارچ 2023 میں ایلون مسک نے 18 سو افراد کے ساتھ ایک کھلے خط پر دستخط کیے تھے جس میں کہا گیا تھا کہ اے آئی کے شعبے میں تحقیق کو 6 ماہ تک روک دیا جائے گا۔

مزید خبریں :