27 مئی ، 2024
کراچی: چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ عید الاضحیٰ کے دنوں میں موسم گرم ہوگا۔
جیونیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے سردار سرفراز نے بتایا کہ 20 جون کے بعد جاکر موسم میں کوئی بہتری آسکتی ہے، میدانی علاقوں میں موسم ایسا ہی رہے گا اور پری مون سون 20 جون کے بعد شروع ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جون کے آخری دنوں میں پری مون سون شروع ہوگیا تھا اس لیے 20 جون کے بعد ہی پری مون سون بارش کی توقع کرسکتے ہیں لیکن جو علاقے گرمی کی لپیٹ میں ہیں ان علاقوں میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا تھا کہ جون میں درجہ حرارت 35 سے37 ڈگری سینٹی گریڈ تک متوقع ہے، جون میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔
سردار سرفراز نے مزید کہا کہ کراچی میں رواں ہفتےگرمی کی شدت میں اضافےکا امکان ہے، 29 سے 31 مئی تک پارہ40 ڈگری سے تجاوزکرسکتا ہے اور 42 ڈگری سینٹی گریڈتک پہنچ سکتا ہے، دن کےبیشتر حصے میں شمال مغرب سےگرم اور خشک ہوائیں چل سکتی ہیں، شام میں سمندری ہوائیں بحال ہونےکا امکان ہے، جون کے پہلےہفتےمیں درجہ حرارت میں کمی آسکتی ہے۔