Time 27 مئی ، 2024
پاکستان

ن لیگ کے صدر کا انتخاب، نواز شریف کے مقابلے پر 10 لوگوں نےکاغذات نامزدگی حاصل کرلیے

ن ليگ کی صدارت کے لیے 11 کاغذات نامزدگی حاصل کرلیےگئے،  پارٹی صدارت کے الیکشن کل ہوں گے۔

مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف پارٹی صدارت کے امیدوار ہیں، نواز شریف کے مقابلے پر مزید 10 لوگوں نے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے ہیں۔ مرکزی جنرل کونسل کا اجلاس کل لاہور میں ہوگا۔

ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پارٹی الیکشن کے چیف الیکشن کمشنر رانا ثنااللہ نے کہا کہ قائد اعظم کے بعد نواز شریف نے مسلم لیگ کو سب سےزیادہ مقبول بنایا، عوامی جماعت بنایا۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کسی سے روٹھے ہوئے نہیں ہيں ، بلکہ متحرک کردار ادا کررہے ہیں، وفاق ہو یا پنجاب، کوئی بنیادی فیصلہ ان کی مشاورت کے بغیر نہیں ہوتا، ن لیگ سے مراد نوازشریف ہے ،پارٹی مکمل طورپر نواز شریف کے نام پر متفق ہے تو کوئی اچھنبے کی بات نہیں ۔

ایک سوال پر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کاغذات جمع کراسکتے ہیں۔ نئے پارٹی صدر کا انتخاب صاف و شفاف ہو گا، ہم پارلیمانی جمہوری نظام پر یقین رکھتے ہیں۔

بانی پی ٹی آئی کے ٹویٹ پر  رانا ثنا اللہ کا کہناتھاکہ دعا گو ہوں کہ اللہ انہیں مجیب الرحمان کے انجام سے بچائے۔ وہ 13 سال سے کسی جماعت یا سیاسی رہنما سے بات چیت کو تیار ہی نہیں۔

رانا ثنااللہ کا کہنا تھاکہ نواز شریف کے بعد شہبازشریف اہم ترین رہنما ہیں، وہ ملک کو معاشی بحران سے نکالنے میں مصروف ہیں۔

رانا ثناللہ کا کہناتھاکہ پراپرٹی ٹائیکون تو ایک طرف ، آج کل خواجہ سرا بھی انقلابی بنے ہوئے ہیں۔

مزید خبریں :