28 مئی ، 2024
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنما سینیٹر حامد خان نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی وفاقی وزرا سے ملاقات آئینی فرائض کے سلسلے میں ہوئی ہے، اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ پارٹی سطح پر حکومت کے ساتھ کوئی مذاکرات ہو رہے ہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت سے کیا مذاکرات کریں، اس نے جھوٹے مقدمات میں پی ٹی آئی قیادت کو پھنسایا ہوا ہے۔
حامد خان کا کہنا تھا کہ ہم نے سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کی ہوئی ہے کہ الیکشن کا آڈٹ کرایا جائے، ہمارا چوری کا مال واپس کیا جائے، اس کے بعد مذاکرات ہو سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اہم اجلاس میں شرکت کیلئے وزارت داخلہ پہنچے تھے جہاں ان کی وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے بھی ملاقات ہوئی۔
وزارت داخلہ میں ہونے والے اہم اجلاس میں وفاقی وزیرداخلہ، وفاقی وزیرتوانائی، وزیراعلیٰ کے پی شریک ہوئے۔
اجلاس کے بعد وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے پریس کانفرنس بھی کی تھی۔